اسلام آباد // پاکستان نے کشمیریوں کی جدوجہدکومقامی تحریک قراردیتے ہوئے کہاہے کہ نوجوان نسل کویہ تحریک اپنے بزرگوں سے ورثے میں ملی ہے۔ پاکستان نے حریت لیڈران کی گرفتاری کو قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کشمیری حریت رہنماوں کو نظربند کرکے کشمیر کی مقامی تحریک کو دہشت گردی سے منسلک کرنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے کہا کہ تحریک ِ آزادی کشمیریوں کی اپنی اور نوجوان نسل کو ان کے بزرگوں سے ورثہ میں ملی ہے۔ نفیس زکریا نے کہا کہ بھارت، پاکستان میں دہشت گردی کی معاونت کر رہا ہے۔کشمیر میں بھارتی مظالم میں اضافہ ہوا ہے،18 ہزار سے زائد کشمیری جبری طور پر لاپتہ ہیں، بھارت کی جانب سے آبروریزی کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا، بھارت کی جانب سے اقلیتوں مسلمانوں، مسیحیوں اور دلتوں کے خلاف مظالم میں اضافہ ہوا ہے اور انہوں نے مطالبہ کیا کہ بین الاقوامی برادری کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔نفیس زکریا نے کہا کہ پاکستان نے پیلٹ گنز کا شکار کشمیریوں کا یورپی ممالک میں علاج کرانے کی پیشکش کی تھی، جس پر بھارت نے انکار کیا، انہوں نے کہا کہ پیشکش اب بھی موجود ہے۔