او بی سی ریزرویشن لاگو ہوتے ہی بلدیاتی اور پنچایتی انتخابات ہونگے:ایل جی
فیاض بخاری
بارہمولہ// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے منگل کو کشمیر میں برف باری کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کے منصوبوں کو چلانے اور سیاحت کے شعبے کے فروغ کے لیے برف ضروری ہے۔ ضلع ہیڈکوارٹر پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایل جی نے کہا کہ کشمیر میں اس وقت خشک سردی کا راج ہے۔ “میں خدا سے برف کے لیے دعا کرتا ہوں کیونکہ بجلی کے منصوبوں کو چلانے کے لیے برف باری ضروری ہے، ورنہ وہ ناکارہ ہو جائیں گے، سیاحت کے شعبے کو ترقی کی منازل طے کرنے کے لیے برف باری بھی ضروری ہے‘‘۔ایل جی نے کہا کہ گزشتہ سال 13 لاکھ سیاحوں نے گلمرگ کا دورہ کیا تھا اور وہاں برف باری ایک خاص توجہ کا مرکز رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بارہمولہ ضلع میں 6 نئے مقامات کو فہرست میں شامل کیا گیا ہے لیکن برف کی غیر موجودگی میں سیاح دور رہنے کو ترجیح دیں گے۔ایل جی نے کہا کہ او بی سی کو تحفظات مکمل ہونے کے بعد جلد ہی اربن لوکل باڈیز اور پنچایتوں کے انتخابات شروع کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس سمت میں کام جاری ہے اور ایک بار جب یہ عمل ختم ہو جائے گا، یو ایل بی اور پنچایتوں کے انتخابات کرائے جائیں گے۔ایل جی نے بارہمولہ کے لوگوں پر زور دیا کہ وہ 26 جنوری یوم جمہوریہ کو جھنڈا اونچا رہے ہمارا پروگرام میں بڑی تعداد میں شرکت کریں۔ انہوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ بارہمولہ کا آسمان ترنگا سے بھر جائے۔انہوں نے کہا کہ ضلع بارہمولہ تمام محاذوں پر نوجوانوں کی فعال شمولیت سے ترقی کی منازل طے کر رہا ہے۔ ایل جی نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ 26 جنوری کے پروگرام میں بڑی تعداد میں شرکت کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگوں نے امن اور خوشحالی کی راہ پر اپنا سفر شروع کیا ہے اور وہ اب ماضی کی طرف پلٹ کر نہیں دیکھیں گے۔سرینگر کی خوبصورتی کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں ایل جی منوج سنہا نے کہاکہ سمارٹ سٹی پروجیکٹ کی بدولت سری نگر ملک کے خوبصورت ترین شہروں میں شمار ہوتاہے۔ انہوں نے کہاکہ سری نگر کے نچلے علاقوں میں بھی تعمیر وترقی کے حوالے سے کئی پروجیکٹ ہاتھ میں لئے گئے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ ہم عوام کی اُمیدوں اور اُمنگوں کو بڑی حد تک پورا کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ آج جموں و کشمیر کے لوگوں کے پاس بہتر معیارِ زندگی اور ترقی کے مساوی معاشی مواقع میسر ہیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ نئے بنیادی ڈھانچے کی تخلیق،علمی معیشت اور سکیموں کی صد فیصد تکمیل حاصل کرنے کے لئے ہماری کوششیں جموں و کشمیر کو اس کی تقدیر کے حصول کو یقینی بنائیں گی۔
جنرل بپن راوَت سٹیڈیم عوام کے نام وقف
فیاض بخاری
بارہمولہ //منوج سِنہانے بارہمولہ سٹیڈیم کا نام بدل کر جنرل بپن رَاوت کے نام پر عوام کے نام وقف کیا۔اُنہوں نے شمالی کشمیر میں جنرل بپن رَاوت کی مختلف صلاحیتوں میں خدمات اور اَمن، ترقی اور خوشحالی میں ان کی بے پناہ خدمات کو یاد کیا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے بارہمولہ میں’وِکست بھارت سنکلپ یاترا‘ میں شرکت کی اور سماج کے سبھی طبقوں سے اِجتماعی کوششوں پر زور دیا تاکہ اِس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ کوئی بھی فائدہ اُٹھانے والا پیچھے نہ رہ جائے۔
اُنہوں نے 38کروڑ روپے کے ترقیاتی پروجیکٹوں کا اِفتتاح اور سنگ بنیاد بھی رکھا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ تمام اَضلاع میں تیزی سے ترقی ہو رہی ہے اور دیہی جموں کشمیر تصور سے بالاتر ہو گیا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے بارہمولہ ضلع کی ترقی کے بارے میں کہا کہ ضلع میں ایک نئے سیاحتی سرکٹ کی ترقی پر جاری کام سے منڈاجی ، لاڈو ، کازی ناگ ، راج پورہ ، رام پورہ اور اوڑی جیسے علاقوں کو فائد ہ ہوگا اور مقامی معیشت کو فروغ ملے گا۔اُنہوں نے مختلف محکموں کی طرف سے لگائے گئے سٹالوں کا معائینہ کیا اور مختلف سرکاری سکیموں کے تحت فائدہ اُٹھانے والوں کو منظوری نامے سونپے ۔ اُنہوں نے اَفسروں اور شہریوں کو’ہمارا سنکلپ وِکست بھارت‘ کا حلف دِلایا۔انہوں نے ضلع کے دیہی علاقوں کے لئے کوڑا کرکٹ اُٹھانے والی گاڑیوں کے بیڑے کو بھی ہر ی جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا۔انہوں نے جن پروجیکٹوں کا اِفتتاح کیا ان میں بلاک ڈیولپمنٹ کونسل ٹنگمرگ کیلئے آفس رہائش ، ڈبلیو ایس ایس اگلر، سگی پورہ رزاق پورہ، اچھہ بل دوآبگاہ، گنڈ دلوش، غنی وانی منچود میں واٹر سپلائی سکیموں کی تعمیرنو کا کام، سب سٹیشنوں اور ڈسٹرکٹ میں ایل ٹی و ایچ ٹی نیٹ ورک کی بہتری اور گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول پٹن میں ماڈل سکول شامل ہے۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے جن منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا ان میں شیخ العالم ؒسٹیڈیم میں فٹ بال کے لئے ایسٹرو ٹرف، 8۔ تلی بل سوپور میں لین سنتھیٹک ایتھلیٹک ٹریک سرفیس، جنرل بپن راوت سٹیڈیم کے لئے بلو مولڈ کرسیوں کی تنصیب، بارہمولہ میں مشروم کے فروغ کے لئے( ایچ اے ڈی پی) کے تحت پبلک سیکٹر میں سپون پروڈکشن لیبارٹری اور گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول اتھورا میں لیبارٹری بلاک شامل ہیں۔