سرینگر //سی پی آئی ( ایم) کے سینئر لیڈر اور ایم ایل اے کولگام محمد یوسف تاریگامی نے کہا ہے کہ نہ تو فوجی طاقت اور نہ ہی جنگجو ئیت مسئلہ کشمیر کا حل ہے بلکہ سیاسی مسائل صرف سیاسی اقدامات سے ہی حل کئے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی کشمیر میں تلاشی مہم موجودہ صورتحال کا صحیح جواب نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا تجربہ کہتا ہے کہ اس سے قبل شروع کی گئی تلاشی مہم ناسازگار ماحول کی اصل وجوہات کو ختم نہیں کرسکی ہے۔ تاریگامی نے کہا کہ اصل وجہ لوگوں میں وحشت اور حکومت ہند اس کو تسلیم کرنے میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں میں بھروسے کی کمی ہے اور ایسے قدامات کرنے چاہئے جس سے لوگوں میں اعتماد بڑھے لیکن اس کے برعکس حکومت ہند کشمیر کی طرف کوئی دھیان نہیں دے رہی ہے اورکشمیر میں صرف فوجیوں کا جماﺅ کھڑا کررہی ہے۔ تاریگامی نے کہا کہ مرکزی سرکار نے کشمیر میں جاری صورتحال سے نمٹنے کیلئے اپنی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں لائی ہے اور حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ لوگوں کی آواز سنے کا اقدام کرےں اور کشمیر میں باوقار اور با اعتماد بات چیت کے عمل کا آغاز کریں۔ انہوں نے کچہ ڈوروہ شوپیاں کے ڈرائیور نذیر احمد شیخ کی ہلاکت پر بھی افسوس کا اظہار کیا ۔