سرینگر// ٹیگور ہال میں جاری کشمیر ورلڈ فلم فیسٹول کے دوسرے روز سنٹرل یونیورسٹی کے طلباء کی طرف سے بنائی گئی 2مختصرفلمیں دکھائی گئیں۔17منٹ کی فلم ’کوتر باز‘ جو محمد دائود اور ابراہیم موسیٰ نے بنائی ہے جبکہ ’ساز‘ فلم جو آسیہ رحیم اور حازق قادری نے بنائی ہے ،کو سامعین اور یہاں موجود مہمانوں نے کافی سراہا ۔فیسٹیول کے آرگنائزر کے مطابق جمعرات کو 6فلمیں دکھائی گئیں ۔کشمیر ورلڈ فلم فیسٹول کا انعقاد ایکٹرس کریٹیو تھیٹر(اے سی ٹی) کی جانب سے ہورہا ہے اور فیسٹول کا افتتاح گذشتہ روز وزیر تعمیرات نعیم اختر نے کیا ۔فیسٹول 5نومبر تک جاری رہے گا اور فیسٹول میں مختلف زبانوں میں تقریباّ 30 قومی و بین الاقوامی شہرت یافتہ فلمیں دکھائی جائیں گی۔