عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// پورے کشمیر میں اتوار کوگرم اور مرطوب صورتحال برقرار رہی لیکن، درجہ حرارت سنیچرکی سطح سے چند ڈگری گر گیا ۔ درجہ حرارت میںمزید نمایاں کمی پیر سے شروع ہوگی۔ امکانات ہیں کہ درجہ حرارت بتدریج 5 سے 6 دنوں تک 30 – 31 کے ارد گرد یا اس سے نیچے رہنے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے پیش کردہ اعدادوشمار کے مطابق، وادی کشمیر نے اتوار کو غیر موسمی سرگرمی کا ایک نیا سلسلہ دیکھا۔ سرینگر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33.7 ریکارڈ کیا گیا، جو سال کے اس وقت کے لیے معمول سے تین ڈگری زیادہ ہے۔وادی کے کئی اضلاع میں اوسط سے زیادہ درجہ حرارت درج کیا گیا، جو پورے خطے میں مسلسل گرم اور خشک حالات کا اشارہ ہے۔ کوکرناگ سرینگر کے بعد گرم ترین مقامات میں سے ایک تھا، جو 30.8 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو رہا تھا، جو کہ معمول سے 3.5 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔ سیاحتی مقامات جیسے پہلگام (28.2)اور گلمرگ (22.6)نے بھی معمول سے زیادہ گرم موسم کا تجربہ کیا۔ دونوں میں درجہ حرارت بالترتیب 2.0 اور 0.8موسمی معیارات سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔ کپوارہ میں 31.9 ، معمول سے تقریباً 0.8 زیادہ، جبکہ قاضی گنڈ میں 30.0 درج کیا گیا۔
جموں
جموں خطہ کے کچھ حصوں میں درجہ حرارت معمول سے کم ریکارڈ کیا گیا۔ جموں شہر میں 31.6 ، معمول سے تقریباً 3.8 کم درج ہوا۔یہاں کچھ علاقوں میں ہلکی بارش کی وجہ سے نمایاں کمی درج کی گئی۔ جموں شہر میں 90 ملی میٹر سے زیادہ بارش ہوئی ۔ اور جموں کے دیگر حصوں میں بھی موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی۔کٹرا میں بھی کمی دیکھی گئی، جہاں 30.2 درج کیا گیا، جو معمول سے 2.0 کم تھا۔تاہم، جموں ڈویژن کے دیگر حصے گرم رہے، بٹوٹ میں 30.7 ، بانہال میں 30.8 اور بھدرواہ میں 32.0 ریکارڈ کیا گیا۔لداخ میں، درجہ حرارت نسبتاً زیادہ رہا، لیہہ میں 31.6 ڈگری ، جب کہ کرگل 35.6 ڈگری کے ساتھ وسیع علاقے میں گرم ترین مقام رہا۔آئندہ چند دنوں میں درجہ حرارت میں معمولی کمی متوقع ہے۔ کشمیر میںصبح 8:30 بجے تک بارش کی صورتحال کچھ اس طرح رہی۔سرینگر میں 1.2 ملی میٹر،قاضی گنڈ 1.6 ،پہلگام صفر،کپواڑہ صفر،کوکرناگ صفر،گلمرگ صفر،پلوامہ صفر،بڈگام صفر،گاندربل صفر،بارہمولہ صفر،بانڈی پورہ صفر،شوپیان 30 اورکولگام 19.5ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔سرینگرمیں رات کا نیا درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔گذشتہ شب کم سے کم درجہ حرارت 25.2ڈگری رہا جو 21 جولائی 1988 کو درج کیا گیا تھا۔دوسرا 24. 8ڈگری، 29جولائی 2024 ،تیسرا 24.6 ڈگری، 24 جولائی 2024 ،چوتھا 24.5ڈگری، 5 جولائی 2025 پانچواں 24.4 ڈگری، 9جولائی 2006 اورچھٹا 24.1 ڈگری، 19 جولائی 1997 کو درج کیا گیا۔