عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//دستکاری اور ہینڈلوم ڈپارٹمنٹ کشمیر نے پیر کو پورے کشمیرصوبے میں اپنی کارخانہ دارسکیم کے نفاذکیلئے 33.34لاکھ روپے جاری کرنے کا اعلان کیا۔دستکاری اور ہینڈ لوم کے متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹروں کو تقسیم کی گئی یہ اہم مالی امداد، کاریگروں کی فلاح و بہبود اور معاشی ترقی کو یقینی بناتے ہوئے خطہ کے شاندار فنی ورثے کے تحفظ اور فروغ کیلئے حکومت کے عزم کو واضح کرتی ہے۔کارخانہ دار اسکیم، جسے 2021میں مطلع کیا گیا ہے، ایک تاریخی اقدام ہے جو کہ مٹی کے برتنوں جیسے معدوم دستکاریوں کو بحال کرنے اور جموں و کشمیر میں دستکاری شعبے کی پائیدار ترقی کو فروغ دینے کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ متعلقہ محکمہ کے ڈائریکٹوریٹ کے ذریعہ نافذ کی گئی اس سکیم کا مقصد دستکاروں کو بااختیار بنانا، ہنر مندی کی ترقی کو بڑھانا اور ساختی مداخلتوں کے ذریعے کاریگروں کی روزی روٹی کو فروغ دینا ہے۔زوال پذیر دستکاریوں کے احیا میں اپنے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لوم ڈپارٹمنٹ کشمیر کے ایک ترجمان نے کہا کہ کارخانہ دار سکیم روایتی دستکاریوں کو محفوظ رکھنے پر توجہ مرکوز کرتی ہے‘‘۔