کشمیر میں نسل کشی جاری

Kashmir Uzma News Desk
3 Min Read
 سرینگر//پاکستانی زیر انتظام کشمیرکے صدر مسعود خان نے کہا ہے کہ کشمیر میں انسانی حقوق خلاف ورزیاں ہو رہی ہے اور کشمیریوں کی نسل کشی جاری ہے جس کے باعث وادی میں صورتحال مسلسل بگڑ رہی ہے ۔اسلام آ باد میں برطانوی اور یورپین رکن پارلیمنٹ کے ہمراہ پریس کانفرنس میںمسعود خان نے کہا کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہو رہی ہے جس کے باعث وادی میں صورتحال مسلسل بگڑ رہی ہے، کشمیریوں کی نسل کشی کی جارہی ہے، کشمیر کے عوام کی پرامن جدوجہد اور حق خودارادیت کی کوشش کو کچلنے کے لیے بھارت ہر قسم کا ہتھکنڈہ استعمال کر رہا ہے تاہم کشمیر حق خودارادیت لے کر رہیں گے ۔ان کاکہنا تھا کہ ہندوستانی حکومت نے افواج کو حریت رہنماؤں کی گرفتاری کا حکم دیا، ہندوستانی حکومت کا کشمیر میں کشمیری قیادت سے بھی کوئی رابطہ نہیں جب کہ ہندوستان نے مذاکرات کے عمل کو یکطرفہ طور پر ختم کردیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ برطانوی لیبر پارٹی مسئلہ کشمیر کے لیے بہت فعال ہے، ہماری تجویز ہے کہ برطانیہ سے پارلیمانی وفود کشمیر جائیں اور صورتحال کا جائزہ لیں جب کہ برطانوی ارکان پارلیمنٹ کشمیر کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے فیکٹ فائنڈنگ مشن بھیجنے کی کوشش کریں۔ مسعود خان نے کہا کہ پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے وزیراعظم فاروق حیدر کا بیان سیاق وسباق سے ہٹ کر اچھالا گیا۔ انہوں نے ایسی کوئی بات نہیں کی تھی جبکہ راجہ فاروق حیدر منتخب وزیراعظم ہیں اور تمام سیاسی قوتوں کو ان کا احترام کرنا چاہیے۔اس موقع پر برطانوی رکن پارلیمنٹ انڈریو نے کہا کہ کشمیری عوام کو امن اور آزادانہ ماحول میں رہنے کا حق ملنا چاہیے، ہم کوشش کریں گے کہ دیگر ممالک تک بھی کشمیریوں کی آواز پہنچائیں۔رکن یورپی پارلیمنٹ واجد خان کاکہنا تھا کہ بین الاقوامی برادری کشمیریوں پر مظالم پر توجہ نہیں دے رہی، اپنے مستقبل کے بارے میں کشمیری عوام نے خود فیصلہ کرنا ہے، کشمیریوں کے خون کی اتنی ہی اہمیت ہے جتنی برطانیہ میں یا کسی اور ملک کے شہری کی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت بین الاقوامی برادری کو کشمیر کا دورہ کرنے کی اجازت نہیں دیتا تاہم واپس جاکر بھارتی سفیر سے کشمیر تک رسائی کی درخواست کریں گے۔
 
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *