سرینگر/کسٹوڈین محکمہ شوپیاں اور اننت ناگ اضلاع میں سائنسی خطوط پر سیب اور اخروٹ کے باغات کو فروغ دے گا۔ ان باتوں کا اظہار مال ، امداد اور باز آباد کاری کے وزیر عبدالرحمان ویری نے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں کیا۔ میٹنگ میں سکاسٹ کشمیر کے وائس چانسلر نذیر احمد ، کمشنر سیکرٹری مال محمد اشرف میر ،سیکرٹری باغبانی ایم ایچ ملک ،کسٹوڈین جنرل اعجاز احمد بٹ ، ڈائریکٹر باغبانی اور دیگر افسران نے شرکت کی۔وزیر نے کہا کہ محکمہ ہفت شیر مال میں سائنسی خطوط پر سیب باغ اور انڈو اننت ناگ میں اخروٹ کا باغ قائم کرے گا۔انہوں نے افسران کو محکمہ میں نئی روح پھونکنے کے لئے تند ہی سے کام کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کمشنر سیکرٹری ریونیو کی سربراہی والی ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دینے کے احکامات دئیے جو ان باغات کو فروغ دینے کے لئے خدو خال طے کرے گی۔وزیر نے سکاسٹ کشمیر کے وائس چانسلر کو کسٹوڈین محکمہ کے ان اثاثوں کو منافع بخش بنانے کے لئے مثالی پرچہ داخل کرنے کے لئے کہا۔ڈائریکٹر باغبانی کشمیر نے میٹنگ میں بتایا گیا کہ محکمہ سوئیل ٹیسٹنگ اور بورویل ٹیوب ویلوں کے ذریعے آبپاشی کو فروغ دینے کے لئے تکنیکی معاونت فراہم کرے گا۔ وزیر نے ان باغات کو فروغ دینے کے لئے چند افراد کو کام پر لگانے کے علاوہ اعلیٰ افسران کو فیلڈ دورے کرنے کے بھی احکامات دئیے۔سکاسٹ کشمیر کے وائس چانسلر اور ڈائریکٹر باغبانی نے وزیر کو یقین دلایا کہ ان باغات کے فروغ کے لئے ہرمرحلے پر ضروری تکنیکی معاونت فراہم کی جائے گا۔