ڈوڈہ//ریاستی وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ گذشتہ اسمبلی انتخابات میں صوبہ جموں کے لوگوں نے بی جے پی اور وادیٔ کشمیر کے لوگوں نے پی ڈی پی کو میڈیٹ دیا تھااوریہ جمہوریت کے ساتھ بہت بڑی نا انصافی ہوتی اگر ہم محض اس لئے ہاتھ نہ ملاتے کہ ہمارے خیالات اور نظریات میں اتفاق نہیں۔مرکزی وزیرِ صحت جے پی نڈا کے ہمراہ ڈوڈہ میڈیکل کالج کا سنگِ بنیاد رکھنے کے بعد محبوبہ مفتی نے ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاستِ جموں وکشمیر گذشتہ تیس برسوں سے آگ میں جھلس رہی ہے اور کئی برسوں کے بعد ہمارے ملک کو ایک ایسا وزیرِ اعظم ملا ہے جسے لوگوں نے بہت بڑا میڈیٹ دیا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ مرحوم مفتی محمد سعید کا ماننا تھا کہ پنڈت جواہر لال نہرو سے لے کر نریندر مودی تک کتنے وزیرِ اعظم آئے،مگر مسئلۂ کشمیر ان سب کے لئے ایک ایسی گتھی رہی ہے جسے سلجھایا نہیں جا سکا۔موجودہ وزیرِ اعظم نریندر مودی جن کے پاس آج اتنا بڑا مینڈیٹ ہے وہ اگر چاہیں تو اس گتھی کو سلجھا کر جموں و کشمیر کو اس مصیبت سے باہر نکال سکتے ہیں۔اسی لئے ہم نے آپس میں ہاتھ ملایا ہے۔ ریاستی وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ اگر مسئلۂ کشمیر کو حل نہیں نکالا گیا اور ملک کو اس مصیبت سے نہ نکالا گیا تو ہندوستان جو آج دُنیا کی ایک بڑی طاقت کے طور پر جانا جاتا ہے،آگے نہیں بڑھ سکتاکیوں کہ یہاں کے حالات اس ملک کو اندر ہی اندر سے کھائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ دو تین برسوں سے ہر شعبے میں ایک تبدیلی کی کوشش ہوئی ہے اور دو سال کے دوران ریاست میں 500ڈاکٹر سالانہ تیار کرنے کے لئے پانچ میڈیکل کالج قائم کئے گئے ہیں۔ان پانچوں کالجوں میں سے ہر ایک پر189کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔اس کے علاوہ دوAIIMS کی طرز کے ادارے بھی ریاست میں قائم کئے گئے ہیں جن کے لئے ایک ایک ہزار کروڑو روپے مختص رکھے گئے ہیں اور ان میں بھی سالانہ 100/100ڈاکٹر تیار ہوں گے اوراس طرح ریاست میں جموں اور سری نگر کے میڈیکل کالجوں سمیت سالانہ1000ڈاکٹر تیار ہوں گے۔یہ وہ تبدیلی ہے جس کی بات کی جا رہی تھی اور تبدیلی کی بنیاد رکھ دی گئی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ جہاں ہم نے سری نگر اور جموں کے لئے دو الگ الگ اسٹیٹ کینسر انسٹی چیوٹ منظوں کئے ہیں جن پر 120کروڑو روپے فی انسٹی چیوٹ خرچ ہوں گے وہیں،کپواڑہ،اودھم پور اور کشتواڑ کے لئے ہم نے 45/45کروڑ کی لاگت والے کینسر سینٹر منظور کئے ہیں۔اُنہوںنے کہا کہ ایک چنی ہوئی سرکار کس طرح سے تبدیلی لا سکتی ہے وہ ہماری حکومت دکھا دے گی۔اُنہوں نے کہا کہ ریاست کے تمام پانچ میڈیکل کالجوں کے لئے ہم نے255کروڑ رروپے وا گذار کئے ہیں ،یہ رقم خرچ ہوتے ہی ہم مزید 250کروڑ کی رقم واگذار کریں گے۔