یواین آئی
سرینگر// سابق کرکٹر اورکپتان محمد اظہر الدین کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر میں کرکٹ کی ترقی اسی وقت ممکن ہے جب کوئی منتخب ادارہ خطے میں کھیل کی ذمہ داری سنبھالے ۔ انہوں نے کہا ‘جب تک آپ کے پاس اچھاگراؤنڈ نہیں ہوگا، اسپانسرز آگے نہیں آئیں گے تو لوگ کرکٹ کو سنجیدگی سے نہیں لیں گے ‘۔ موصوف کرکٹر نے ان باتوں کا اظہار ضلع بارہمولہ میں میڈیا کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا ‘عارضی انتظامات کے تحت کرکٹ کھیل ترقی نہیں کر سکتا، آپ ہر بار ایسوسی ایشن یا انتظامیہ نہیں چلا سکتے ،انتخابات ہونے چاہئیں، صرف ایک منتخب ادارہ ہی یقینی بنا سکتا ہے کہ کھیل کی درست سمت میں ترقی ہو’۔ ان کا کہنا تھا ‘جب تک آپ کے پاس مناسب گراؤنڈ نہیں ہوگا، اسپانسرز آگے نہیں آئیں گے اور لوگ کرکٹ کو سنجیدگی سے نہیں لیں گے ، بچے کچھ وقت کھیلتے ہیں لیکن پھر سہولیات کی کمی کی وجہ سے چھوڑ دیتے ہیں’۔ اظہر الدین نے کہا کہ کشمیر میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں،یہاں بہت ٹیلنٹ ہے ، لیکن ٹیلنٹ کو رہنمائی اور مناسب کوچنگ کی ضرورت ہے ‘۔ سابق کپتان نے ٹرف وکٹوں، کوچنگ کیمپوں اور مسابقتی میچوں کے ساتھ جدید اسٹیڈیم کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا: ‘بارہمولہ نے ایک بار بین الاقوامی میچوں کی میزبانی کی تھی، جس میں ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کے خلاف میچ بھی شامل تھا’ ان کا کہنا تھا کہ اس خطے میں آج بھی کرکٹ کے مداحوں کی کافی زیادہ تعداد ہے ،یہاں اچھا میچ منعقد کیا جائے تو 10 سے 20 ہزار تماشائی ضرور دیکھنے آئیں گے ‘۔