عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//موسمیاتی مرکز سرینگر نے 21 اور 22 دسمبر کے درمیان جموں و کشمیر کے اونچے علاقوں میں ہلکی برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔ایک ترجمان نے بتایا کہ موسم عام طور پر ابر آلود رہے گا، جبکہ 16-17 دسمبر کو خشک رہے گا۔انہوں نے کہا کہ 18 دسمبراور 19 سے 20 دسمبر کے درمیان موسم ابر آلود رہے گا۔انہوں نے کہا کہ 21 دسمبر اور 22 دسمبر کی درمیانی رات دیر گئے تک اونچائی پر ہلکی برفباری ہونے کا امکان ہے۔جبکہ23 سے 25 دسمبر کے دوران موسم خشک رہنے کے ساتھ ابر آلود رہے گا۔انہوں نے کہا کہ الگ تھلگ اور بکھرے ہوئے مقامات پر سردی کی لہر جاری رہے گی ۔ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے، ترجمان نے کہا کہ تازہ برف باری اور اہم گزرگاہوں اور اونچی جگہوں کی سڑکوں پر برفیلی صورتحال کے پیش نظر، سیاحوں، مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کو انتظامیہ اور محکمہ ٹریفک کی طرف سے جاری کردہ ایڈوائزری پر عمل کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔ادھررات کے درجہ حرارت میں معمولی کمی کے ساتھ وادی کشمیر میں سردی کی لہر بدستور جاری ہے۔ آئندہ چند دنوں کے دوران وادی کے کئی موسمی مراکز پر سردی کی لہر جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ موسم عام طور پر 21 دسمبر تک خشک رہے گا، جس دن وادی کشمیر میں 40 دن طویل سردیوں کا سب سے سخت حصہ “چلہ کلان” شروع ہوگا۔ادھرسرینگر میں ہفتہ اور اتوار کی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔قاضی گنڈ میں رات کے درجہ حرارت میں قدرے بہتری آئی اور منفی 4.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ رات منفی 5.6 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔پہلگام میں اتوار کو منفی 4.8 ریکارڈ کیا گیا۔کوکرناگ کا کم سے کم 2.8 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔گلمرگ میں رات کے درجہ حرارت میں بھی بہتری آئی اور ایک دن پہلے منفی 7.6 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے منفی 3.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے دفتر کے مطابق سرحدی کشمیر ضلع کپواڑہ میں اتوار کے روز منفی 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ سے کم درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
لداخ شاہراہ بحال
لداخ شاہراہ پر پانچ روز کے بعد یکطرفہ آمدورفت بحال کیا گیا۔ بدھ کو بالائی علاقوں بشمول زوجیلا، منی مرگ، دراس، مٹائن۔ پاندراس اور سونمرگ میں ہوئی شدید برفباری کی وجہ سے ٹریفک حکام نے لداخ شاہراہ کو احتیاطی طور پر بند کردیا تھا ۔ منی مرگ ،دراس اور سونمرگ میں سینکڑوں مال اور مسافر بردار گاڑیاں درماندہ ہوگئی تھیں۔ٹریفک پولیس نے بتایا کہ سنیچر کے روز منی مرگ اور دراس میں درماندہ سینکڑوں چھوٹی اور بڑی گاڑیوں کو سونمرگ کی طرف روانہ کیا گیا ۔ ایس ایس پی ٹریفک رورل کشمیر آر پی سنگھ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اتوار کو سونمرگ سے 170مال بردار اور 250 کے قریب مسافر گاڑیوں کو کرگل کی طرف روانہ کیا گیا ۔ ڈرائیوروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ٹائروں پر چین لگاکر کر زوجیلا سڑک پر سفر کریں ۔