جنیوا /نئی دلی//بھارت نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارت کے خلاف دہشت گر د تنظیموں کو پیدا کرکے جو غلطی کی وہ اب اسکو خود بھگت رہا ہے ۔جینوا میں ہیومن رائٹس کو نسل کے 34ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں بھارت کے مستقل نمائندہ اور سفارت کاراجیت کمار نے پاکستان پر الزام لگایا کہ وہ جموں و کشمیر میں صورتحال کو بگاڑنے کیلئے دراندازی اور سرحدپار سے دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے ۔دہشت گردی کو بڑھائوا دینے کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے ممبران ایک قوم کی ستم ظریفی اچھی طرح سمجھ سکتے ہیں کہ کس طرح عالمی سطح پر دہشت گردی انسانی حقوق پر حاوی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے خلاف دہشت گردتنظیموں کو پیدا کیا اور اب وہ خود اس کا شکار بھی ہورہا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ گذشتہ 2دہائیوں کے دوران دنیا کے انتہائی مطلوب ترین دہشت گردوں کو پاکستان میں ہی پناہ اورمدد ملی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیرکے کچھ حصوں میں خراب صورتحال کی بنیادی وجہ سرحد پار دہشت گردی اور اس کی مدد و اعانت ہے ۔راجیت کمار نے الزام لگایا کہ اب گذشتہ کئی برسوں سے اسلام آباد جموں و کشمیر میں غیر مستحکم صورتحال پیدا کرنے کیلئے بدامنی کی مہم چلا رہا ہے ۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جموں و کشمیر بھارت کاایک لازمی حصہ ہے اور وہاں کی صورتحال ملک کا انداونی معاملہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ مرکزی اور جمہوری طرز پر قائم ریاستی حکومت نے گذشتہ برس ایک وسیع نظام کے تحت حالات کو معمول پر لایا جب پاکستان کی حمایت سے تشدد اور بدامنی پھیل گئی ۔