سرینگر/جموں کشمیر میں سال نو گذشتہ کے ماہِ جون سے دسمبر کے درمیان فورسز نے140عسکریت پسندوں کو جاں بحق کیا جبکہ اس عرصہ کے دوران مجموعی طور پر426سنگباری کے واقعات پیش آئے۔ان باتوں کا اظہار بدھ کو مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ ہنس راج اہر نے راجیہ سبھا میں کیا۔
ایک تحریری سوال کے جواب میں اہر نے کہا کہ 140جنگجوئوں کو سال نو گذشتہ کے ماہ جون اور ماہ دسمبر کے درمیان جاں بحق کیا گیا اور اس عرصہ کے دوران 119پُر تشدد واقعات بھی پیش آئے۔
منسٹر نے کہا کہ ریاست میں 426سنگباری کے واقعات بھی پیش آئے جن کے دوران فورسز کارروائیوں میں34شہری بھی جاں بحق ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر اور ملک کے دوسرے حصوں میں جنگجوئوں کے ساتھ مسلح تصادم آرائیوں میں سال2016کے دوران 171فورسز اہلکار ہلاک ہوگئے جبکہ ایسے اہلکاروں کی تعداد 2017میں167اورنومبر2018تک163تھی۔