اننت ناگ// پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ کشمیر میں جنگل کا راج چل رہا ہے۔ کھنہ بل علاقے میں انتخابی جلسے کے حاشیہ پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا 'کشمیر میں جس طرح مظالم ہو رہے ہیں ایسا لگتا ہے کہ ہم اُس ہندوستان کے ساتھ نہیں ہیں جس کے ساتھ شیخ محمد عبداللہ اور مہاراجہ ہری سنگھ نے الحاق کیا تھا اور جو سب ہندوؤں، سکھوں، مسلمانوں کا ملک تھا'۔انہوں نے کہا 'یہاں جنگل کا راج چل رہا ہے، فوجی اہلکاروں نے ایک ایس ڈی ایم اور اس کے ساتھ دوسرے ملازموں کی پٹائی کی، راستے بند کئے جاتے ہیں، جیلوں میں قیدوں کو پیٹا جاتا ہے، تصادم آرائیوں کے بعد لاشوں پر کیمیکل استعمال کر کے مسخ کیا جاتا ہے کشمیریوں پر اتنے مظالم کئے جاتے ہیں کہ کشمیری خوف سے کانپ اٹھتے ہیں کہ ہم نے کس ہندوستان کے ساتھ الحاق کیا تھا'۔انہوں نے کہا’’ فورسز اہلکار کیمیکل استعمال کر کے جنگجوئوں کی لاشوں کو نا قابل شناخت بناتے ہیں‘‘۔ انکا کہنا تھا’’ ہر ایک انسان،چاہے جنگجو ہی کیوں نہ ہو،موت کے بعد احترام کا حقدار ہے، فوج مسلح جھڑپوں کے دوران کیمیکل استعمال کر کے لاشوں کو مسخ کرتی ہے، جو کہ غیر انسانی ہے،خیال کریں اُس وقت جذبات کیا ہونگے، جب کوئی بھائی اپنے بھائی کی لاش مسخ شدہ یا جلی ہوئی دیکھے،کیا آپکو حیرانی ہوگی اگر وہ بھی بندوق اٹھائے گا‘‘۔