سرینگر/سنیچر کو وادی میں بھاری برفباری کے نتیجے میں باہری دنیا کے ساتھ کشمیر کے تمام رابطے منقطع ہوگئے۔
سرینگر سمیت وادی کے کم و بیش سبھی علاقوں میں برفباری کی وجہ سے زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کے میدانی علاقوں کے ساتھ ساتھ بالائی علاقوں میں بھاری برفباری ریکارڈ کی گئی ہے ۔
گذشتہ روز بعد دوپہر شروع ہونے والی برفباری کل شام رک گئی تاہم آج علی الصبح یہ پھر شروع ہوگئی یہاں تک کہ شہر سرینگر میں 10انچ برف جمع ہوگئی ہے۔
قاضی گنڈ، ککر ناگ،پہلگام، گلمرگ، کپوارہ اور دیگر علاقوں سے بھی برفباری کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
بالائی علاقوں میں بھاری برفباری کی وجہ سے سرینگر ۔جموں شاہرا پر گاڑیوں کی آمد و رفت گذشتہ شام سے ہی بند ہے۔
حکام کے مطابق سرینگر بین الاقوامی ہوائی اڈے پر فضائی ٹریفک میں آج صبح سے ہی خلل پڑا۔
حکام کے مطابق سرینگر ایئر پورٹ کے رن وے پر برف کی موجودگی کے سبب فی الحال فضائی ٹریفک چلنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔
اطلاعات کے مطابق وادی کے اطراف و اکناف میں برفباری کے نتیجے میں زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے۔
وادی بھر کی سڑکوں پر برف جمع ہونے کی وجہ سے ٹریفک نہیں چل پارہی ہے تاہم حکام کے مطابق سڑکیں صاف کرنے کا عمل علی الصبح شروع کیا گیا ہے اور اب تک سرینگر کی کئی اہم سڑکوں کو ٹریفک کے قابل بنایا گیا ہے۔
برفباری کی وجہ سے بجلی سپلائی بھی متاثر ہے اور وادی کے اکثر علاقوں سے برقی رو غائب ہونے کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں۔