اسلام آباد//پاکستان نے کہا ہے کہ بھارت اپنے نفرت انگیز منصوبوں کی تکمیل کے لئے افغانستان کی سرزمین استعمال کررہا ہے اور بھارت کے منفی کردار کے باعث ہی افغانستان میں مسائل بڑھ رہے ہیں۔ترجمان دگتر خارجہ نفیس زکریا نے کشمیر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج نے صرف اپریل کے مہینے میں 25 بے گناہ کشمیریوں کو موت کے گھاٹ اتاردیا ، ان میں 2 خواتین اور 11 بچے بھی شامل ہیں، 646 کشمیری بھارتی فوج کی جانب سے کی جانے والی آنسو گیس کی شلنگ، لاٹھی چارچ اور پیلٹ گنز کے استعمال سے زخمی ہوئے 447 حریت رہنماؤں اور طالب علموں کو گرفتار کیا گیا اور یہ تمام تر اطلاعات میڈیا بلیک آؤٹ کے باعث دنیا تک نہیں پہنچ پارہیں لیکن ہم اس تمام صورتحال کو اقوام متحدہ اور عالمی برادری تک پہنچائیں گے جب کہ بیرون ممالک مقیم کشمیری برادری بھی کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کررہی ہے۔نفیس زکریا نے کہا کہ سری نگر میں ضمنی انتخابات کے بعد انسانی حقوق کی صورتحال مزید دگرگوں ہوئی ہے اور اب تو بھارتی زیادتیوں کی ویڈیوز بھی منظر عام پر آرہی ہیں عالمی برادری کو چاہئے کہ وہ اس تمام صورتحال پر قابو پانے اور کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے میں اپنا کردار ادار کرے۔