عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے پیر کو آئندہ کشمیر میراتھن۔2025 کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی ۔ یہ ایک اہم کھیلوں کا ایونٹ ہے جس کا مقصد کھیلوں ، فِٹنس ، سیاحت اور کشمیر کی متحرک ثقافت کو فروغ دینا ہے۔ناظم سیاحت کشمیر نے میراتھن کے حوالے سے تیاریوں اور مجوزہ سرگرمیوں پر ایک تفصیلی پرزنٹیشن دی۔وزیر اعلیٰ نے اِس بات پر زور دیا کہ یہ میراتھن صرف ایک کھیلوں کا مقابلہ نہ ہو بلکہ ایک مکمل ثقافتی اور سیاحتی تجربہ بھی بننا چاہیے۔اُنہوں نے اَفسران کو ہدایت دی کہ ہوٹلوں، ریستوران اور مقامی کاروباری اِداروں کے ساتھ اشتراک کیا جائے تاکہ شرکأ اور سیاحوں کے لئے خصوصی پیکیج فراہم کئے جا سکیں۔وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے یہ بھی تجویز دی کہ مکمل اور نصف میراتھن کے علاوہ مقامی افراد کے لئے 10 کلومیٹر اور 5 کلومیٹر کی دوڑیں بھی شامل کی جائیں تاکہ کمیونٹی کی شمولیت بڑھے اور نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ہو۔اُنہوں نے ہدایت دی کہ اِس میگا ایونٹ کے لئے ٹائٹل سپانسر حاصل کرنے کی کوشش کی جائے۔عمرعبداللہ نے دہلی میراتھن اور دیوالی کی تقریبات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہدایت دی کہ کشمیر میراتھن۔ 2025 کو پہلے سے تجویز کردہ 19 ؍اکتوبرکی تاریخ کے بجائے 2 ؍نومبر 2025 (اتوار) کو منعقد کیا جائے۔ اس ایونٹ کے دوسرے ایڈیشن میں مکمل میراتھن (42.19 کلومیٹر)، نصف میراتھن (21.09 کلومیٹر)اور 10 کلومیٹر کی دوڑ شامل ہوگی جو سری نگر کے نمایاں مقامات جیسے پولوویو، راجباغ، لال چوک، ٹی آر سی، نشاط گارڈن اور ایس کے آئی سی سی سے گزرے گی۔اِس موقعہ پر وزیر اعلیٰ نے کشمیر میراتھن۔ 2025 کی تشہیری ویڈیو کا اِفتتاح کیا اور انہیں گزشتہ برس کے ایڈیشن میں نصف میراتھن مکمل کرنے پر شرکت کا سر ٹیفکیٹ بھی پیش کیا گیا۔