سرینگر//جماعت اسلامی نے عادل احمد کی ہلاکت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اس بہیمانہ جرم میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔جماعت کے ترجمان نے کہا ہے کہ کشمیر میں تعینات بھارتی فورسز کو یہاں کے عوام کی برحق آواز کو دبانے کی خاطر کوئی بھی کاروائی کرنے کی چھوٹ ملی ہے جس نے انہیں بے لگام بنادیا ہے اور جواب دہی کے احساس سے ہی خالی کر دیا ہے۔ ترجمان نے حکومت ہند سے کہا ہے کہ اس خون خرابہ کو روکنے کی واحد صورت مسئلہ کشمیر کو یہاں کے عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے میں مضمر ہے۔ اُمت اسلامی کے چیئرمین اور قاضی احمد یاسر نے کہا ہے کہ حکومت ہند کشمیری قوم کے تئیں بے رحم بن گئی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں کے جنگ کا اعلان کردیا ہے اور اس سلسلے میں بھارتی فورسز نے جنوبی کشمیر کو میدان جنگ میں تبدیل کردیا ہے۔ میرواعظ قاضی یاسر نے کہا کہ حکومت ہند کو اس بات کا اعتراف کرنا چاہئے کہ وہ کشمیری قوم کے ساتھ جنگ کی حالت میں ہے۔