عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//اداکارہ بھاگی شری کا کہنا ہے کہ کشمیر پرسکون اور خوبصورت ہے۔انہوں نے کہا کہ جب ہندوستان میں اتنی خوبصورتی ہے تو لوگ بیرون ملک کیوں جاتے ہیں۔ 1989میں اپنی پہلی فلم ’’میں نے پیار کیا‘‘ سے شہرت حاصل کرنے والی 54 سالہ اداکارہ نے کہا کہ بہت سارے سیاح وادی کا دورہ کرنا چاہتے ہیں لیکن وہ خوفزدہ ہیں۔ بھاگی شری نے اننت ناگ ضلع کے ایک سیاحتی مقام پر بتایاکہ ’میں جب بھی یہاں آتی ہوں تو مجھے امیر خسرو کا یہ شعر یاد آتا ہے کہ’ اگر زمین پر جنت ہے تو یہیں ہے، یہیں ہے، یہیں ہے‘۔انہوںنے کہاکہ اپنی زندگی میں کشمیر جانا مت چھوڑیں۔ یہاں اتنا پرسکون ماحول ہے کہ مجھے سمجھ نہیں آتا کہ لوگ سوئٹزرلینڈ یا یورپ کیوں جاتے ہیں۔ جب ہمارے اپنے ملک میں اتنی خوبصورتی ہے تو کہیں اور کیوں جائیں؟۔اداکارہ بھاگی شری نے کہاکہ لوگ کہتے ہیں کہ کشمیر ایک منی سوئٹزرلینڈ ہے لیکن میں کہتا ہوں کہ سوئٹزرلینڈ منی کشمیر ہے۔انہوںنے کہاکہ آپ یہاں اندرونی سکون محسوس کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ لوگ اتنے اچھے ہیں کہ آپ کو کبھی بھی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔بالی ووڈاداکارہ نے کشمیری کھانوں اور مہمان نوازی کی بھی تعریف کی۔انہوںنے کہاکہ کھانا بہت لذیذ ہے اور لوگ گڑ کی طرح میٹھے ہیں۔بھاگیہ شری کو حال ہی میں ’’سجنی شندے کا وائرل ویڈیو‘‘میں دیکھا گیا ، جس میں رادھیکا مدن اور نمرت کور بھی تھیں۔