نئی دہلی// مرکز میں حکمران جماعت بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ نے کہا کہ حکومت وادی کی صورتحال سے سنجیدگی کے ساتھ نپٹ رہی ہے اورصحیح پٹری پر چل کر بہتر نتائج بھی سامنے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا’’گزشتہ2یا3ماہ سے ہم کو بہترین نتائج بھی مل گئے ہیں۔جبکہ سرکا ر بھی صحیح ٹریک پر پیش رفت کر رہی ہے‘‘۔مدھیہ پریش میں3روزہ دورے کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے بھاجپا صدر نے کہا ’’ بھاجپا سرکار موثر طریقے سے کشمیر معاملے سے نپٹ رہی ہے، اور اسکے اچھے نتائج بھی سامنے آرہی ہیں‘‘۔انکا مزید کہنا تھا’’ بھارت کی حکومت جنگجوئوں اور علیحدگی پسندوں کیساتھ سنجیدگی کیساتھ نپٹ رہی ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ ہم صحیح راستے پر ہیں‘‘۔جموں کشمیر میں دفعہ370پر پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا’’ یہ معاملہ سیاسی جماعتوں کے ساتھ زیر بحث لایا جائے گا‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر اتفاق رائے یا عدالتی احکامات کے تحت کی جائے گی۔