سوپور // اربن کشمیر مرکنٹائل کواپریٹیو بینک میں غیر قانونی تقرریوں کے خلاف منگل کو سینکڑوں نجی بینک ملازمین نے سوپور میں احتجاجی دھرنا دیا ۔مارکنٹائلکواپریٹیو بینک سوپور میں غیر قانونی تقرریوں کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے مظاہرین نے بتایا کہ بینک کے منیجنگ ڈیمپارٹمنٹ نے بغیر کسی نوٹیفکیشن ملازمین کی تقرری عمل میں لائی ہے۔ احتجاجی ملازمین نے بتایا کہ ہم غیر قانونی طور تعینات کئے گئے 9بینک ملازمین کی نوکری سے اخراج کے علاوہ غیر قانونی طور پر ملازمین کی تقرری عمل میں لانے والے افسران کے خلاف کاروائی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بغیر نوٹیفکیشن ملازمین کی تعیناتی پر پابندی عائد کی گئی ہے مگر اسکے بائوجود بھی بینک کے اعلیٰ افسران تعیناتی کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔ احتجاجی ملازمین نے تنخواہوں کی وگذاری، ترقیوںاوردیگر رقومات کی واگذاری کا مطالبہ کررہے تھے۔ ادھر ٹریڈرز فیڈریشن سوپور کے صدر حاجی محمد اشرف نے کہا کہ وہ احتجاجی ملازمین اور بینک انتظامیہ کے درمیان پل کا کام کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم بینک کو دونوں طرف سے بچانے کی کوشش کرسکتے ہیں اور طرفین کے بات سن سکتے ہیں۔ صدر نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے ہیں کہ بینک مزید نقصان سے دوچار ہو۔ صدر ٹریڈرز فیڈریشن سوپور نے ملازمین کو یقین دلایا ہے کہ وہ انکی مانگوں کو بینک کے اعلیٰ افسران تک پہنچائیں گے۔