عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر//ایڈیٹر دی مرر آف کشمیرغلام حسن کلو،محکمہ انیمل ہسبنڈری کے سابق ڈائریکٹر ڈاکٹر فاروق احمد کلو،گریٹر کشمیر و کشمیر عظمیٰ کے مدیر اعلیٰ فیاض احمد کلوکی ہمشیرہ اورکشمیر کینوس کے ایڈیٹر میر اعجاز احمد کی والدہ نسیمہ اخترکی نماز جنازہ میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ وہ جمعہ 8اگست کوشام دیر گئے شیر کشمیر انسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ سرینگرمیں طویل علالت کے بعد انتقال کر گئیں۔ ہفتہ کی صبح 11بجے جامع مسجد حیدر پورہ کے احاطے میں ان کی نماز جنازہ میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی جسکے بعد انہیں پُر نم آنکھوں کے ساتھ ان کے آبائی قبرستان حیدر پورہ سرینگرمیں سپرد خاک کر دیا گیا۔مرحومہ کی فاتحہ خوانی12 اگست بروز منگل صبح 10:30بجے سوگوار خاندان کے آبائی قبرستان نزد یک جامع مسجد حیدر پورہ سرینگرمیں ہوگی جس کے بعد ان کی رہائش گاہ زبرون کالونی حیدر پورہ سرینگرمیں تعزیتی تقریب ہوگی۔اس دوران مرحومہ کے انتقال پر سیاسی، سماجی اور مذہبی تنظیموں کی جانب سے بڑے پیمانے پر تعزیت کا اظہار کیاگیا اور دن بھر مرحومہ کے آبائی گھر تعزیت پرسی کرنے والوںکا تانتا بندھا رہا اور سماج کے مختلف طبقوں سے وابستہ شخصیات نے زبرون کالونی حیدر پورہ جاکر پسماندگان سے تعزیت ویکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے حق میں دعائے مغفرت کی ۔