عظمیٰ نیوز سروس
جموں //ادارہ کشمیر عظمیٰ سے وابستہ سنیئر صحافی اور وادی چناب کے بیورو چیف محمد تسکین کے والد محمد افضل وانی کا طویل علالت کے بعد86برس کی عمرمیںانتقال ہوگیا۔ مرحوم گزشتہ ایک برس سے صاحب فراش تھے، البتہ3ماہ سے ان کی صحت زیادہ خراب ہو گئی تھی۔ اس دوران وہ صورہ انسٹی چیوٹ اور گور نمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ میں بھی زیر علاج رہے۔مرحوم کی نماز جنازہ سنیچر کی شام دیر گئے نو بجے انکے آبائی گائوں بنکوٹ بانہال میں ادا کی گئی جس کے بعد انکے جسد خاکی کو آبائی قبرستان میں سپرد لحد کیا گیا۔مرحوم کے ہاںتعزیت پرسی کا سلسلہ پیر تک جاری رہے گا جبکہ منگل کو چہارم کی مجلس ہوگی۔مرحوم کی وفات پر ادارہ کشمیر عظمیٰ کے سرینگر اور جموں دفاتر میں تعزیتی اجلاس منعقد ہوئے جن میں، جملہ اراکین،اور اداراتی، نیوزاور ڈئزاننگ شعبہ سے وابستہ اراکین نے شرکت کی۔اسکے علاوہ ملی میڈیا سے وابستہ ذمہ داران بھی تعزیتی اجلاس میں شریک رہے۔اجلاس میں ادارہ سے وابستہ سبھی اراکین نے محمد تسکین اور بالخصوص اہل خانہ کیساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔نیز تعزیتی میٹنگ میں مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے دعائے مغفرت کی گئی ۔