سرینگر // حریت (گ) نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر داخلہ نے اعتراف کیا ہے کہ کشمیر بھارت میں ضم نہیں ہوا ہے۔ وہ کہتے ہیں ’’سردار پٹیل کشمیر کو بھارت میں ضم کرچکے ہوتے اگر نہرو نے نہ روکا ہوتا‘‘۔ ان کے الفاظ سے صاف واضح ہے کہ کشمیر بھارت کا حصہ نہیں، بلکہ بھارت نے اسے ایک تنازعہ کی صورت میں اقوامِ متحدہ تک پہنچایا، جہاں متعدد قراردادوں کے ذریعہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے حق کو تسلیم کرکے یہ واضح کیا گیا کہ کشمیری عوام اپنے مستقبل کا تعین آزادانہ استصواب رائے عامہ سے کریں گے، لیکن تایں دم بھارت اپنے وعدوں اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ قراردادوں سے منحرف ہوکر یہ دعویٰ کرتا رہا کہ کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے۔ اب جبکہ بھارتی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ جی نے یہ اعتراف کرلیا ہے کہ کشمیر بھارت میں ضم نہیں ہوا ہے انہیں اس حقیقت کو تسلیم کرلینا چاہیے کہ بھارت طاقت کے بل پر ہی جموں کشمیر پر قابض ہے۔ اب بھارتی وزیر داخلہ کو چاہیے کہ وہ اٹوٹ انگ کہنے کی رٹ ترک کریں ۔ حریت نے لتر پلوامہ میں وسیم احمد شاہ، ناصر احمد میر اور گلزار احمد میر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کے مقدس لہو کو فراموش کرنے کی یہ قوم متحمل نہیں ہوسکتی۔