عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وادی کشمیر شدید سرد موسم (موسم سرما کے 40 دنوں کا سب سے مشکل دورانیہ) شدید چِلہ کلان کا سامنا کر رہا ہے۔موسم کی پیش گوئی کے مطابق سرینگر کا درجہ حرارت منفی 6.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔سیاحتی مقامات جیسے پہلگام اور گلمرگ میں درجہ حرارت منفی 7.8 اور منفی1.9ریکارڈ کیا گیا۔شوپیان میں وادی کا سب سے کم درجہ حرارت منفی8.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔اننت ناگ اور پلوامہ میں منفی8.3 جبکہ کولگام میں منفی6.7 ڈگری سینٹی گریڈ رپورٹ کیا گیا۔بڈگام اور گاندربل میں بالترتیب منفی 7.0 اور منفی 6.5 درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ دریں اثنا، بانڈی پورہ اور بارہمولہ میں منفی6.4 اور منفی 6.0 ، جبکہ کھڈونی میںمنفی7.1 ریکارڈ کیا گیا۔سری نگرمیں شبانہ درجہ حرارت دو روز کے بعد ایک بار پھر بہت زیادہ گرا۔ منفی6.6ڈگری سینٹی گریڈ کی وجہ سے منگل کی صبح گہری دھند چھائی رہی اور شدید ٹھنڈ کا راج رہا۔ جھیل ڈل سمیت دیگر آبی ذخائز کے حصے اور کنارے دوسری بار منجمد ہوگئے اورساتھ ہی منگل کی صبح نلوں کے ذریعے پانی کی سپلائی کافی وقت تک خلل کی شکاررہی ۔اس دوران پیر کورات دیر گئے سونہ مرگ سمیت کشمیر کے کچھ اونچے علاقوں میں تازہ برف باری ہوئی۔موسمیاتی مرکزنے 26دسمبرتک سردی کی لہر جاری رہنے کی پیش گوئی کو دوہراتے ہوئے کہاکہ 27،28دسمبر،31دسمبر یکم تا3جنوری2025، الگ تھلگ بالائی مقامات پر ہلکی برف باری متوقع ہے۔