سری نگر// وادی کشمیر کو ملک کے دیگر حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر – جموں شاہراہ کو پیر کے روز رام بن کے قریب چٹانیں کھسک آنے کی وجہ سے کچھ گھنٹوں تک بند رکھنے کے بعد ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے دوبارہ کھول دیا گیا تاہم وادی کو لداخ یونین ٹریٹری کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر – لیہہ شاہراہ اور جنوبی ضلع شوپیان کو صوبہ جموں کے پونچھ اور راجوری اضلاع کے ساتھ جوڑنے والا تاریخی مغل روڈ گذشتہ تین دنوں سے لگاتار بند ہے۔
یاد رہے کہ جموں وکشمیر کے بالائی علاقوں میں گذشتہ دو دنوں سے برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں بارشیں ہوئیں تاہم پیر کی صبح سے ہی موسم میں بتدریج بہتری واقع ہونا شروع ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں اگلے ایک ہفتے کے دوران موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کی توقع ہے۔