سرینگر/ریاستی گورنر ستیہ پال ملک نے جمعرات کو اعلان کیا کہ کشمیر ہائی وے پر مقامی لوگ ٹول ٹیکس سے مستثنیٰ ہونگے۔
گورنر ملک نے سرینگر میں ایک تقریب کے حاشیوں پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا''مقامی لوگوں پر کوئی ٹول ٹیکس عاید نہیں ہوگا۔ہم نے معاملہ مرکزی سرکار سے اٹھایا ہے لیکن جاری الیکشن عمل کے نتیجے میں کاموں کی رفتار میں کمی واقع ہوئی ہے''۔
نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا نے جنوبی کشمیر کے سنگم کے نزدیک دو روز قبل ٹول پلازا شروع کر رکھا ہے ،جہاں سے گذرنے والی ہر گاڑی سے بھاری ٹیکس وصول کیا جاتا ہے اور اس کیخلاف تاجروں، مسافروں اور ٹرانسپورٹروں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
ابھی گذشتہ روز تاجروں نے اننت ناگ میں ضلع کمشنر کو ایک یادداشت بھی پیش کی تھی جس میں اُنہیں مقامی لوگوں کو اس ٹیکس سے مبرا رکھنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔