سرینگر//حریت (ع) نے کہا ہے کہ چاڈورہ بڈگام میں پیش آئے المناک سانحہ میں بھارت اور اسکے ریاستی اتحادیوں کی کشمیر دشمنی عیاں ہوگئی ہے اور یہ بات ثابت ہوگئی کہ یہ لوگ صرف بھارت کے خاکوں میںر نگ بھرنے کیلئے معصوم اور نہتے کشمیریوں کے قتل عام سے گریزاں نہیں ہیں ۔بیان کے مطابق حریت(ع) کے محبوس چیئرمین میرواعظ محمد عمر فاروق کی جملہ سرگرمیوں پر پابندی عائد کررکھی ہے۔بیان کے مطابق میرواعظ کی ہدایت پر ایک وفد جس میں ایڈوکیٹ شیخ یاسر دلال ، پیر غلام نبی، ایڈوکیٹ شوکت شکیل، محمد صدیق ہزار اور محمد احسن کٹہری شامل تھے نے چاڈورہ جاکر گزشتہ دنوں کے سانحہ میں جاں بحق کئے گئے نوجوانوں کے اہل خانہ کے ساتھ حریت چیئرمین میرواعظ اور دیگر قیادت کی جانب سے تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا ۔ اس موقعہ پر حریت چیئرمین نے ٹیلیفون کے ذریعہ اُن کے لواحقین کے ساتھ اس سانحہ پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے میرواعظ نے اُن کے والدین کی ڈھارس بندھاتے ہوئے کہا کہ اس سانحہ میں پوری کشمیری قوم اور قیادت ان کے غم میں برابر کے شریک ہے ۔حریت وفد نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری قوم اپنے جائز حق کے حصول کیلئے آئے روز قربانیوں کی تاریخ رقم کرتی جارہی ہے جو ہر لحاظ سے قابل ستائش ہے۔انہوں نے کہا کہ ظلم اور زیادتیوں سے مبنی برحق تحریک کو دبانا ناممکن ہے اور بھارت اور اسکے ریاستی اتحادیوںکو یہ بات ذہن نشین کرنی چاہئے کہ ان کے ظلم جبر پر مبنی پالیسیوں کا ردعمل عوامی مزاحمت کی صورت میں ظاہر ہوتا رہے گا۔