سرینگر//کشمیر ایڈیٹرس گلڈ نے حیدر پورہ میں حریت کی مشترکہ پریس کانفرنس کیلئے گئے فوٹو جرنلسٹوں پر پولیس کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کی طرف سے صحافیوں کے واضح ویڈیو اور فوٹو ثبوت موجود ہے۔ ایڈیٹرس گلڈ نے طاقت کا بے جا استعمال کرکے میڈیا کی آواز دبانے پر بھی سخت برہمی کا اظہار کیا۔بیان میں اس واقعہ کو بدقسمتی سے تعمیر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل بجبہاڑہ میں جب میڈیا سے وابستہ فوٹو گرافرپیشہ وارانہ ذمہ داری نبھا رہے تھے،اہلکاروں نے ان میں سے ایک کو اسپتال گیٹ کے باہر نشانہ بنایا جس کی وجہ سے کئی ہفتوں تک وہ اسپتال میں زیر علاج رہا۔گلڈنے کہا کہ پولیس اپنے اختیارات کا استعمال میڈیا کے رول اور ذمہ داریوں کو محدود کرنے کیلئے جس طرح استعمال کر رہی ہے،اس کو مد نظر رکھتے ہوئے حکومت کو اعلیٰ سطح پر اس طرح کے معاملات میں مداخلت کر کے اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ریاست چوتھے ستون پر غیر ضروری طاقت کی نمائش نہ کی جائے ۔