سرینگر// خواتین کی چوٹیاں کاٹے جانے کے مسلسل واقعات کے خلاف کشمیر اکنامک الائنس کے بینر تلے جمعرات کو سرینگر پریس کالونی میں ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے سرینگر پریس کالونی سے لال چوک گھنٹہ گھر تک احتجاجی جلوس بھی نکالا۔مظاہرین نے سرکار کے خلاف نعرہ بازی کی اور بال کاٹنے کی دہشت گردی نہیں چلے گی نہیں چلے گی ،کے نعروں لگا رہے تھے۔مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڑ اٹھا رکھے تھے جن پر ’’خواتین کے بال کاٹنے والوں کو پیش کرو ‘‘کے نعرے درج تھے ۔مظاہرین نے مجرموں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے سرکار پر الزام عائد کیا کہ وہ اس نازیبا معاملہ کی فوری تحقیقات میںغیر سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہی ہے جو مستقبل قریب میں یہاں کی صورتحال کو بگاڑنے کا پیش خیمہ بن سکتی ہے ۔