جنیوا //پاکستان نے اقوام متحدہ میں دیرینہ اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ فلسطین اور کشمیر تنازعات کو ’’ناسو ر‘‘ قرار دیا ہے۔ڈونالڈ ٹرمپ کی طرف سے یوروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دینے کے اعلان کے تناظر میں اقوام متحدہ میں’’یوروشلم کی حیثیت تبدیل کرنے کی کوششوں‘‘ کے موضوع پر ایک مباحثہ منعقد ہوا ۔ملیحہ لودھی نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا’دیرینہ اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ فلسطین اور جموں کشمیر کے تنازعات ناسور بنے ہوئے ہیں‘۔خاتون مندوب نے زور دیکر کہا’’فلسطینی اور کشمیری عوام قابض فورسز کے ہاتھوں انسانی حقوق کی ہولناک خلاف ورزیوں کا سامنا کررہے ہیں ، عالمی برادری اس بد ترین صورتحال کا ازالہ کئے بغیر اس کا خاموشی کے ساتھ مشاہدہ کررہی ہے ‘‘۔ملیحہ لودھی نے کہا’’سلامتی کونسل کی تمام قراردادوں کو یکساں اور غیر منتخب طریقے سے عملی جامہ پہنایا جانا چاہئے، منتخب عمل آوری اقوام متحدہ کی اعتباریت اور تکثیریت کو کمزور کرتی ہے‘‘۔انہوں نے یہ بات تسلیم کی کہ تمام مسائل کو حل کرنے کیلئے یقینا ایک ہی طریقہ کار اختیار نہیں کیا جاسکتا ۔کا کہنا تھا کہ یہ دونوں مسائل اقوام متحدہ کا نامکمل ایجنڈا ہیں اور ان کا حل فوری طور تلاش کیا جائے۔