اسلام آباد//پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں منعقدہ ایک سمینار میں کشمیر اور فلسطین میں نہتے شہریوںکی ہلاکتیں فوری طورروکنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان دیرینہ تنازعات کے حل کیلئے اقوام متحدہ اپنی منصبی ذمہ داریاں پوری کرے۔’کشمیر اور فلسطین،اقوام متحدہ کی حق خود ارادیت کے وعدوں کے70سال‘کے موضوع پر منعقدہ یہ سمینار پاکستان انسٹی چیوٹ آف پارلیمنٹری سروسز میں منعقد کیاگیا جس کی صدارت پاکستانی سینٹ میںخارجی امور سے متعلق کمیٹی کے چیئرمین سنیٹر مشاہد حسین سید نے کی جبکہ پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر مہمان خصوصی تھے۔ مقررین نے غزہ میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں قتل عام کی مذمت کرتے ہوئے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور فلسطینی عوام کو یقین دلایا کہ 22کروڑ پاکستانی ان کی پشت پر کھڑے ہیں۔مقررین نے کشمیر میں حالیہ شہری ہلاکتوں پر بھارت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ان ہلاکتوں سے کشمیری اپنے اصولی موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے اور جدوجہد آزادی جاری رہے گی ۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیر آزاد ہوگا۔مقررین نے کشمیر اور فلسطین پر اقوام متحدہ کی قرادادوں کی عمل آوری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کو فوراً سے پیشتر اپنی منصبی ذمہ داریوںسے عہدہ برآ ہونا چاہئے ۔سمینار سے سنیٹر مشاہد حسین سید،راجہ فاروق حیدر ،پاکستان میں فلسطینی سفیر حسنی ابو غوث ،سنیٹر عبدلقیوم ،سنیٹر میاں عتیق ،شیخ تجمل اسلام ،اعجاز حسین ،صابر کربلائی ،غلام محمد صفی ،عبدالحمید لون اور سید نذیر گیلانی نے خطاب کیا ۔تقریب کے اختتام پر فلسطین اور کشمیر کے حق میں ایک قرارداد منظور کرکے دونوں جگہوں پر شہری ہلاکتوں کی مذمت کی اور کشمیر و فلسطین کے عوام کو ان کا پیدائشی حق دینے کی پرزور وکالت کی گئی۔