نیو یارک//پاکستان کا کہنا ہے کہ عالمی طاقتیں کشمیر،فلسطین کے تنازعات کے حل میں رکاوٹ ہیں۔اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کشمیر اور فلسطین کے عوام کی جانب سے کئی دہائیوں سے جاری حق حق خود ارادیت کی کوششوں کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ ان دونوں خطوں کے مسائل میں مماثلت ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ عالمی طاقتوں کی سیاسی حکمت عملی کشمیر اور فلسطین کے مسائل کے حل میں رکاوٹیں پیدا کر رہی ہیں۔ایک برطانوی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے ملیحہ لودھی نے عالمی طاقتوں پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کی قرار داد کے مطابق ’کشمیر‘ اور ’فلسطین‘ کے تنازعات کو حل کرنے میں مدد کریں۔ملیحہ لودھی نے مسئلہ کشمیر کے حل میں بھارت کو سب سے بڑی رکاوٹ قرار دیا جبکہ فلسطین کے تنازع کے حل میں اسرائیل کو سب سے بڑی رکاوٹ قرار دیا۔ملیحہ لودھی نے کشمیر اور فلسطین کے عوام کی جانب سے کئی دہائیوں سے جاری حق خود ارادیت کی کوششوں کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ ان دونوں خطوں کے مسائل میں مماثلت ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم امہ میں اکثر یہ سوال کیا جاتا ہے کہ ’مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی واضح قراردادوں کو نافذ کیوں نہیں کیا جاتا‘۔ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی قرار داد کی روشنی میں مسئلہ کشمیر کا پر امن حل چاہتا ہے لیکن اس معاملے میں بھارت سیاسی ہٹ دھرمی دکھاتے ہوئے پاکستان کے ساتھ اس معاملے پر مذاکرات کی پیشکش کو مسلسل مسترد کر رہا ہے۔۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ ہے اور ہمیشہ ان کی حمایت کرتا رہے گا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ میں جتنا ممکن ہوسکا فلسطین کے لیے آواز بلند کی جبکہ مستقبل میں بھی اس حوالے سے پاکستان کی کوششیں جاری رہیں گی۔