جموں / نائب وزیراعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے ملک میں صفائی ستھرائی کے پیغام کوعام کرنے کے لئے ایک مہینے تک جاری رہنے والی کشمیرسے کنیاکماری تک( K2K )’سوچھ بھارت ٹور ڈی روٹری ‘کو روٹری بھون جموں سے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔آئی جی پی جموں دانش رانا اور کمشنر جے ایم سی منموہن سنگھ بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔اس ریلی کا انعقاد شہری ترقی کی مرکزی وزارت نے جموں میونسپل کارپوریشن کے اشتراک سے کیا تھا۔اس کاانعقادروٹری فائونڈیشن کی طرف سے دی جارہی خدمات کے سو سال منعقد ہونے کی یاد میں کیا گیا۔یہ فائونڈیشن انسانی فلاح و بہبود کے پروجیکٹوںکے لئے رقومات جمع کرتی ہے جن میںصاف اور سرسبز انڈیا پروجیکٹ بھی شامل ہے۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعلیٰ نے کہا کہ پورے ملک سے تعلق رکھنے والے سائیکل سوار اس مقابلے میں حصہ لے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کی قومی سطح کی ریلیاں منعقد کرنے سے ایک طرف ملک میں اندرونی روابط مستحکم ہوتے ہیں اور دوسری طرح یکجہتی کے جذبے کو بھی فروغ حاصل ہوتا ہے۔نائب وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ ا س ریلی سے ملک میں امن، بھائی چارے اور قومی یکجہتی کے پیغام کو عام کرنے میںمدد ملنے کے ساتھ ساتھ لوگوںمیں سوچھ بھارت مشن سے متعلق بیداری کرنے میں بھی مدد ملے گی۔انہوںنے کہاکہ سائیکل سوار وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے شروع کئے گئے سوچھ بھارت مشن کو عام کرنے میں ایک کلیدی رول ادا کرے گی۔ڈاکٹرنرمل سنگھ نے کہا کہ ریلی کے شرکاء مثبت سوچ کے برانڈ ایمبسڈر کی حیثیت سے کام کر کے گوناں گن ثقافتی ورثے سے لوگوں کو روشناس کرنے کے علاوہ مہمان نوازی اور امن کے پیغام کو تقویت بخشے گے۔نائب وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج کل کے مشکل دور میں ریاست سے باہر رہنے والے لوگوںکو ریاست میں شورش کے علاوہ ہورہی اچھی چیزوں کے بارے میں باخبر رکھنا نہایت ہی ضروری ہے ۔ریلی میں 22سائیکل سوار 33دنوں کے اندرملک بھر میں 4500کلومیٹر مسافت طے کریں گے۔ یہ ریلی دلی ،جے پور ، گاندھی نگر ، ممبئی، بنگلور ، چینئی ، تھیورو ننتھا پورم سے ہوتے ہوئے 9؍ دسمبر 2016ء کنیا کماری پہنچ جائے گی۔اس موقعہ پر اور لوگوںکے علاوہ روٹری کلب مدراس کے صدر امبالا ونن کے کواڈنیٹر ڈاکٹر دوشنت چودھری ،روٹری کلب جموں توی کے صدر بی آر چندن ، چینئی اور جموں کے روٹری اور معزز شہریوںکی بڑی تعداد بھی موجود تھیں۔