جموں// بی جے پی کے قومی صدر امت شاہ نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جانا چاہئے، وہ ہمارے اپنے لوگ ہیں ، تاہم جو لوگ علاحدگی پسندی اور وطن دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہیں ان کے خلاف کارروائی کی جانی لازم ہے ۔شاہ نے آج کہا کہ ہمیں کشمیر یوں تک پہنچ کر قوم پرست طاقتوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہوگی۔شہر کے دو روزہ دورہ پر آئے ہوئے شاہ اتوار کو آر ایس ایس کے مقامی عہدیداروں کے ساتھ وادی کے حالات پر مفصل تبادلہ خیال کر رہے تھے۔ شاہ آر ایس ایس کے دفتر ’ویر بھون ‘ گئے اور وہاں تنظیم کے عہدیداروں کے ساتھ بات چیت کی جس میں وادی کے حالات چھائے رہے ، مقررین نے وادی میں امن قائم کرنے کی ضرورت پرزور دیا۔ رازداری کی شرط پر میٹنگ میں موجود ایک آر ایس ایس لیڈر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اس اجلاس میں بی جے پی وزراء کے کام کاج کا بھی جائزہ لیا گیا جس دوران امت شاہ نے اپنی نا پسندیدگی کا اظہار کیا۔ انہوںنے کہا کہ چند وزراء کی غیر تسلی بخش کارکردگی کی گاج گرنا طے ہے اور مستقبل قریب میں ریاستی مخلوط سرکار میں شامل بی جے پی کے کم از کم 3وزراء کو برخاست کیا جا سکتا ہے ۔مذکورہ لیڈر نے مزید بتایا کہ امت شاہ نے میٹنگ میں واضح کر دیا کہ ایسے تمام وزراء ، جن کی کارکردگی اطمینان بخش نہیں ہے کو باہر کا راستہ دکھا دیا جائے گا۔ قابل ذکر ہے کہ گزشتہ روز بی جے پی صدر دفاتر میں ہوئی میٹنگ میں کئی ممبران اسمبلی اور سینئر لیڈران نے چند وزراء کے خلاف شکوئے شکایتیں کی تھیں۔ امت شاہ نے ان شکایتوں کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے پارٹی کے ریاستی صدر ست شرما اورجنرل سیکرٹری اشوک کول کو ایسے وزراء کی فہرست بنانے کی ہدایت دی تھی۔ آج کی میٹنگ میں شاہ نے علاحدگی پسندی کے جذبات کا مقابلہ کرنے کے لئے کثیر الجہتی پروگرام منعقد کرنے کی ضرورت پر زور دیا جس کے مطابق وادی کشمیر کے اسکولوں ، کالجوں اور دیگر مقامات پر سیمینار، مباحثے ، سمپوزیم وغیرہ منعقد کر کے نوجوان طبقہ میں قوم پرستی کے بیج بوئے جائیں گے۔ میٹنگ میں پاکستان اور پاکستان زیر انتظام کے رفیوجیوں کے مسائل پر بھی غور کیا گیا جس میں بتایا گیا کہ ابھی تک پاکستان زیر انتظام کے صرف 1800رفیوجیوں نے ہی آن لائن معائوضہ کے حصول کیلئے اندراج کروایا ہے ۔