شاہد ٹاک+خالد جاوید+فیاض بخاری
شوپیان+کولگام +بارہمولہ//کشمیری پنڈت کی ہلاکت کے خلاف اتوار کی شام وادی کے اطراف واکناف میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے کینڈل لائٹ مارچ نکالا جس میں نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شوپیان میں ضلع انتظامیہ ، پولیس اور مقامی لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شہری ہلاکتوں کے خلاف کینڈل لائٹ مارچ نکالا۔ منی سیکریٹریٹ شوپیان سے جامع مسجد تک ایک پْر امن جلوس نکالا گیا جس دوران لوگوں نے کشمیری پنڈت کی ہلاکت کو ناقابل برداشت قرار دیا۔ کینڈل لائٹ مارچ میں سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی جو کشمیری پنڈت کی ہلاکت پر شدید برہمی کا اظہار کررہے تھے۔ ضلع بارہ مولہ کے گانٹھ مولہ علاقے میں بھی بارہ مولہ اوڑی شاہراہ پر اتوار کی شام سیاسی کارکنوں، پنچوں، سرپنچوںاور مقامی لوگوں نے کشمیری پنڈت کی ہلاکت کے خلاف موم بتیاں جلا کر احتجاجی دھرنا دیا۔ سری نگر میں بھی اسی طرح کا احتجاجی جلوس برآمد ہوا جس دوران لوگ بے گناہ شہریوں کا قتل عام بند کرو کے نعرے لگا رہے تھے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ کوئی بھی مذہب نہتے شہریوں کے قتل کی اجازت نہیں دیتا لہٰذا اس کے خلاف سب کو اب صفہ آراء ہونے کی ضرورت ہے ۔ جنوبی ضلع کولگام ، اننت ناگ میں بھی کینڈل لائٹ مارچ نکالا گیا جہاں دن میں بھی ایک احتجاجی مارچ ہوا۔
کشمیری پنڈت کی ہلاکت کیخلاف وادی میں موم بتیاں جلا کر احتجاج
