جموں //وزیر اعلیٰ کے سیاسی مشیر امیتابھ مٹو نے ہفتہ کے روز کہا کہ کشمیری پنڈت کشمیری کلچر کے بین الاقوامی سفیر بن کر ابھرے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری پنڈتوں نے اپنی ذہانت ، محنت اور لگن سے آسٹریلیا سے لے کر امریکہ تک نام پیدا کیا ہے اور کشمیری کلچر کو ہر جگہ پر متعارف کروایا ہے ۔ ابھینو تھیٹر میں ایک غیر سرکاری تنظیم کی طرف سے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں کشمیری پنڈتوں کی سبھا کو خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیر میں نامساعد حالات کی وجہ سے کشمیری پنڈتوں کو نقل مکانی پر مجبور ہونا پڑا جس کے نتیجہ میں کشمیری کلچر اور وراثت کو سب سے زیادہ نقصان پہنچا ہے تاہم پنڈتوں نے کشمیری روایات، ثقافت اور زبان کو سینے سے لگائے رکھا اور اس نازک دور میں بھی وہ اس کی ترویج و ترقی کے لئے کوشاں ہیں۔ مٹو نے یقین دلایا کہ حکومت کشمیری پنڈتوں کی کوششوں کو ہر ممکن امداد فراہم کرے گی۔ دریں اثنا کشیر کلاکار2-پروگرام میں کشمیری فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کر کے وہاں موجود ناظرین کو محظوظ کیا۔ اس پروگرام میں گانے، ڈانس اور ڈریس مقابلوں کا اہتمام تھا ۔ منتظمین نے اس موقعہ پر بتایا کہ اس پروگرام کا اہتمام کشمیری پنڈت بچوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لئے ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ طبقہ کے نوجوان نسل میں صلاحیتوں اور ہنر کی کوئی کمی نہیں ہے تاہم اس کے اظہار کے لئے مناسب موقعہ فراہم کئے جانے کی ضرورت ہے ۔ اس موقعہ پر ایم ایل سی جی ایل رینہ، سینئر سیاسی لیڈر موتی لال کیمو، فلم ساز اشوک پنڈت کے علاوہ بھاری تعداد میں دیگر لوگ بھی موجود تھے۔