نیوز ڈیسک
جموں// کشمیری پنڈت سرکاری ملازمین نیملی ٹینٹوں کے ذریعہ ٹارگٹ کلنگ کے تناظر میں وادی کشمیر سے باہر منتقلی کا مطالبہ کرتے ہوئے، اپنی 310 دنوں کی طویل ہڑتال کو یہ کہتے ہوئے معطل کر دیا کہ وہ “ہتھیار ڈال رہے ہیں” کیونکہ حکام نے ان کی تنخواہیں “روک” دی تھیں۔یہ پنڈت ملازمین وزیراعظم کے روزگار پیکج کے تحت مختلف سرکاری محکموں میں کام کر رہے ہیں۔آل مائیگرنٹ (بے گھر) ایمپلائیز ایسوسی ایشن کشمیر (اے ایم ای اے سی) سے وابستہ مظاہرین نے کہا کہ جموں و کشمیر انتظامیہ نے نہ تو مطالبہ قبول کیا اور نہ ہی مسترد کیا لیکن احتجاج کو معطل کرنا پڑا کیونکہ تنخواہیں روکنا “ہمارے لئے معاشی طور پر دم گھٹنے کے مترادف ہے”۔پچھلے سال مئی میں، ملی ٹینٹوں کے ہاتھوں ان کے ساتھیوں راہول بٹ اور رجنی بالا کی ہلاکت کے بعد، بہت سے لوگ کشمیر سے جموں چلے گئے تھے۔
ملازمین نے کہا کہ کور کمیٹی وادی کشمیر میں اپنی ڈیوٹی دوبارہ شروع کرنے کے بارے میں فیصلہ لینے کے لیے میٹنگ کرے گی۔”ہم نے متفقہ طور پر جاری ایجی ٹیشن کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور حکومت کے سامنے ہتھیار ڈال رہے ہیں۔ ہم نے نقل مکانی کے اپنے مطالبے کو پیش کیا ہے لیکن حکومت نے نہ تو ہمارا مطالبہ قبول کیا اور نہ ہی مسترد کیا،” ۔انہوں نے کہا کہ چونکہ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے انہیں بار بار وادی کشمیر میں ایک محفوظ ماحول کی یقین دہانی کرائی تھی، اس لیے تنظیم کی کور کمیٹی نے ایجی ٹیشن کو معطل کرنے اور حکومت کے جواب کا انتظار کرنے کا فیصلہ کیا۔انہوں نے کہا”ہماری واحد تشویش جس کے لیے ہم وادی سے بھاگے تھے وہ ہماری سلامتی ہے،” ۔