سرینگر // وی ایچ پی صدر پروین توگڑیا کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے دختران ملت کی جنرل سیکریٹری ناہیدہ نسرین نے کہا کہ یہ تنظیمیں ہمیشہ سے معصوموں کا خون بہانے کی داعی رہی ہیں اور ظلم کے مکروہ چہرے کی اصل عکاس ہیں۔یہ تنظیمیں ہر آواز کو دبا کر ہندوستان میں ہندتوا کی بالا دستی قائم کروانا چاہتی ہیں۔ نسرین نے کہا کہ کشمیر پر پچھلے 70 برس سے بھارت کا قبضہ رہا ہے۔ یہ فسطائی طاقتیں کشمیر میں بھی اب ہندتوا کا بول بالا چاہتی ہیں۔ یہ کشمیر اور دیگر جگہوں سے مسلمانوں کو ختم کرنا چاہتے ہیں تاکہ یہ ہندتوا کی راست حکومت ہندوستان میں قائم کر سکیں۔توگڑیا کی دھمکی کوئی نئی بات نہیں یہ تو ان تنظیموں کے قدیم منصوبے ہیں وی ایچ پی ہو یا کوئی اور ہندتوا جماعت مسلم دشمنی اور کشمیر دشمنی ان کے خون میں رچی بسی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو سمجھنا چاہئے کہ کشمیریوں کو اس وقت سب سے بڑی مشکلات درپیش ہیں اس لئے ہمیں اس کا مقابلہ پامردی سے کرنا چاہئے۔ہمیں محاسبہ کرنا چاہئے کہ ہماری کمزوریاں کیا ہیں اور انہیں دور کرنے کی کوشش کرنا چاہئے۔