سرینگر//حریت (ع) اور مسلم لیگ نے بالہامہ معرکے میں جاں بحق کئے گئے دو عسکریت پسندوں کوخراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ نوجوان آزادی کی تاریخ رقم کررہے ہیں۔حریت (ع)ترجمان نے کہا کہ کشمیری قوم ایک جائز جدوجہد میں مصروف ہے اور اس کے حصول کیلئے ہر طرح کی قربانیاں پیش کی جارہی ہیں اور ان قربانیوں کو کسی بھی قیمت پر ہرگز فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ترجمان نے سینئر حریت رہنما مختا ر احمد وازہ کی تھانہ نظربندی کی مذمت کی ۔ادھر مسلم لیگ نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملت کے تقدس اور جموں کشمیر کی آزادی کے گلشن کی آبیاری اپنے گرم گرم لہو سے کرنے والے ہی حقیقت میں ملت و قوم کے معمار ہیں۔لیگ ترجمان سجاد ایوبی نے کہا کہ یہ قوم ان عظیم جوانوں کی مرہون منت ہے جنہوں نے اپنی عزیز جانیں نچھاور کر کے مسئلہ کشمیر کوسرد خانے سے نکال کر پوری دنیا کی توجہ کا مرکز بنایا اور آج حالت یہ ہے کہ ان سپوتوں کی قربانیوں کے طفیل عالمی طاقتیں بشمول اقوام متحدہ ہندوستان پر دباؤ ڈال رہی ہیں کہ وہ مسئلہ کشمیر کا فوری اور پائیدار حل نکالنے میں پہل کی جائے ورنہ اگر یہ مسئلہ یوں ہی لٹکتا رہا تو پوری دنیا کے افق پر جنگ کے بادل منڈلا سکتے ہیں۔