سرینگر// حریت (ع)، تحریک حریت،فریڈم پارٹی، نیشنل فرنٹ، مسلم لیگ، تحریک مزاحمت،سالویشن مومنٹ ،مسلم کانفرنس ،انٹرنیشنل فورم فار جسٹس ،ینگ مینز لیگ، تحریک استقامت ، مسلم خواتین مرکز،محاذآزادی اور پیروان ولایت نے گوپال پورہ کولگام معرکہ آرائی کے دوران جاں بحق ہوئے دو عسکریت پسندوں عاقب ایتو اور سہیل احمدکو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ہندوستان کی ہٹ دھرمی کشمیر میں جاری کشت و خون کی بنیادی وجہ ہے۔حریت (ع) نے حکومت ہندوستان کی ہٹ دھرمی کشمیر میں جاری کشت و خون کی بنیادی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر جیسے انسانی اورسیاسی مسئلے کو فوجی قوت کے بل پر حل کرنے کا غیر حقیقت پسندانہ عمل اس پورے خطے کو سیاسی عدم استحکام اور بدامنی کی طرف دھکیلنے کا موجب بن رہا ہے ۔موصولہ بیان کے مطابق حریت ترجمان نے کہا کہ طاقت اور قوت کے بل پر کسی قوم کی تحریک آزادی کو وقتی طور تو دبایا جاسکتا ہے لیکن اسے ختم نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک زندہ حقیقت ہے اور اس سچائی کو جتنی جلد تسلیم کیا جائے اتنی ہی جلد اس خطے میں سے جاری بدامنی سے نجات حاصل کی جاسکتی ہے۔ترجمان نے گوپال پورہ کولگام میں ایک عسکری معرکہ آرائی کے دوران جاں بحق ہوئے دو عسکریت پسندوں عاقب ایتو اور سہیل احمد کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری قوم اپنے سلب شدہ حقوق کی بازیابی کیلئے جدوجہد کررہی ہے اور اس قوم کے جذبہ مزاحمت کو توڑنے کیلئے طاقت کا استعمال کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہاں کی نوجوان نسل محسوس کررہی ہے کہ ان کے پاس مزاحمت کا راستہ اختیار کرنے کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں۔انہوںنے مزید کہا کہ یہ بھارت کی کشمیر دشمن اور مسئلہ کشمیر سے جڑی حقیقتوں سے انحراف پر مبنی پالیسیاں ہی ہیںجو کشمیری نوجوانوںکو بندوق اٹھانے پر مجبور کررہی ہیں۔تحریک حریت نے معرکہ آرائی میں جاں بحق ہوئے جنگجوﺅں کو خراج عقیدت ادا کیا ۔اس سلسلے میں تنظیم کا ایک وفد بشیر احمد قریشی کی قیادت میں کولگام گیا جہاں انہوں نے لواحقین سے تعزیت پرسی کی ۔ فریڈم پارٹی نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں ہورہے خون خرابے کے لئے انتظامیہ ذمہ دار ہے ۔ایک بیان میں ترجمان نے ابو دجانہ ،عابد للہاری، معرکہ کولگام میں جاں بحق ہوئے جنگجوﺅں اورنہتے شہریوں کو خراج عقےدت پےش کےا اور لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معصوموں کا خون ہمیں منزل سے ضرور ہمکنار کرے گا۔ترجمان نے اس معرکہ کے دوران زخمی ہوئے درجنوں افراد کی فوری صحت یابی کے لئے دعا کی ۔ترجمان نے عالمی حقوق کے لئے کام کررہی تنظیموں سے نوٹس لینے کی اپیل کی اور کہاکہ دنیا میں کسی بھی جگہ عام شہریوں کو طاقت کا نشانہ نہیں بنایا جاتا۔ نیشنل فرنٹ نے پلوامہ اور کولگام اضلاع میں جاں بحق ہوئے نہتے شہریوں اور عسکریت پسندوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ فورسز کشمیر کے اطراف و اکناف میں قتل و غارت گری کے ذریعے آزادی پسند کشمیریوں کو ڈرانے دھمکانے میں مصروف ہے۔انہوں نے کہا کہ پلوامہ اور کولگام میں تازہ شہری و عسکریت پسندوں کی ہلاکتوں سے یہ بات پھر ثابت ہوئی ہے کہ نئی دلی متنازعہ خطے کے اندر خون خرابے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ مسلم لیگ سے وابستہ منظور للہاری ، عبد الرشید ڈار کولہ پوری ، عبد الرشید خان اور غلام حسن پر مشتمل وفد نے للہار کاکہ پورہ اور گابر پورہ پلوامہ جاکر لواحقین سے تعزیت کی۔ لیگ ترجمان نے گوپال پورہ کولگام میں جاں بحق جنگجوﺅں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ’ ہمارے نوجوانوں کی طرف سے دی جا رہی قربانیوں کو کسی بھی صورت میں فراموش نہیں یا جائے گا‘ ۔ تحریک مزاحمت سربراہ بلال احمد صدیقی کی قیادت میں تنظیم کے ایک وفدنے للہار اور بیگم باغ جاکر غمزدہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔وفد میں ریاض احمد اور رفیق بھی موجود تھے ۔سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ اور لبریشن فرنٹ ( ح ) کے چیئرمین جاوید احمد میرنے معرکہ کولگام میں جاں بحق ہوئے جنگجوﺅںکو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکام یہاں کے نوجوانوں کو پشت بہ دیوار کرکے انہیں انتہائی اقدامات اٹھانے پر مجبور کررہے ہیں۔مسلم کانفرنس کے ایک دھڑے کے چیئرمین شبیر احمد ڈار ،انٹرنیشنل فورم فار جسٹس کے چیئرمین محمد احسن اونتو،ینگ مینز لیگ کے چیئرمین امتیاز احمد ریشی ، تحریک استقامت کے چیئرمین غلام نبی وار، مسلم خواتین مرکز کی چیئرپرسن یاسمین راجہ،محاذآزادی کے ایک دھڑے کے صدر محمد اقبال میر ونائب صدر قطب عالم اور پیروان ولایت ترجمان نے جاں بحق ہوئے جنگجوﺅں کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا جموں و کشمیر میں جاری کشت و خون پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔
اقوام عالم عملی اقدامات کریں :جماعت
سرینگر//جماعت اسلامی نے نوجوانوں کی حالیہ ہلاکتوں اور کشمیریوں کے بنیادی حقوق کی پامالی پر اپنی گہری فکر مندی اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اقوام عالم پر زور دیا ہے کہ وہ یہاں ہورہے قتل عام کا بروقت نوٹس لے کرنہتے عوام کی مدد کے لیے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔ موصولہ بیان کے مطابق عام لوگوں کو مارنے کی کھلی لائسنس ملنے کے بعد فورسز نے کشمیر میں قتل عام کا سلسلہ جاری رکھا ہے ۔ جماعت نے مقامی و بین الاقوامی حقوق انسانی انجمنوں پر زور دیا ہے کہ وہ خاموش تماشائی رہنے کے بجائے عملی اور ٹھوس اقدامات کرکے کشمیریوں کو فورسز کے ظلم و جبر سے نجات دلائیں۔
لہو رائیگاں نہیں جائے گا:صلاح الدین
سرینگر// حزب المجاہدین کے سربراہ سید صلاح الدین نے کولگام میں بھارتی فورسز کے ساتھ ایک جھڑپ کے دوران جاں بحق ہونے والے حزب کے دو جنگجوﺅںعاقب ایتو اور سہیل احمد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ لہو قطعاً رائیگاں نہیں جائے گا۔ااپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جنگجوﺅں کے عزم کے سامنے دشمن عنقریب سرنگوں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم کا اپنے ہیروز کے ساتھ والہانہ لگاﺅ اپنی مثال آپ ہے، یہی وجہ ہے کہ قوم کے نوجوان، بچے، بوڑھے اور عورتیں بے خطر عسکریت پسندوں کے لئے ڈھال بن جاتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جس قوم کے دل اپنے جوانوں کے ساتھ دھڑکتے ہوں، ممکن ہی نہیں وہ قوم زیادہ دیر زنجیروں میں جکڑی رہے گی۔تنظیم کے ڈپٹی چیف سیف اللہ خالد اور فیلڈ آپریشنل کمانڈر محمود غزنوی نے بھی دونوں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اور اس عزم کو دہرایا کہ مشن کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔