مظفر آباد//حزب سربراہ سید صلاح الدین نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کے عوام نے یہ ثابت کیا ہے کہ’ وہ شہداء کے وارث ہیں اور وہ ان کے خون سے بے وفائی کا سوچ بھی نہیں سکتے اور انہوں نے بھارتی جمہوریت کوآج مسترد کیا‘۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو اس صورتحال کی نوٹس لینی چاہئے اور اپنا اثر و رسوخ استعمال کرکے بھارت کو مجبور کرنا چا ہئے کہ وہ خطے کے امن کو خطرے میں ڈالنے کے بجائے کشمیریوں کو اپنی تقدیر کا فیصلہ خود کرنے کا موقع فراہم کریں۔صلاح الدین نے الیکشن کے روز پرامن مظاہرین پر فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ زبردستی کرائے گئے ان الیکشنوں سے بھارت اور اس کے حواری ذلت کے سوا کچھ حاصل نہیں کرسکیں گے۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق نہ ہوگا ،کشمیری عوام تب تک بھارتی قیادت کے خلاف جدوجہد میں مصروف رہیں گے ۔دریں اثناء پیپلز پولٹیکل فرنٹ چیئرمین محمد مصدق عادل،تحریک مزاحمت کے ترجمان اعلیٰ شبیر احمد زرگر اورڈیموکریٹک لبریشن پارٹی چیئرمین ہاشم قریشی نے شہریوں کی ہلاکتوں پر برہمی کااظہارکیا ہے۔