سرینگر// حریت (گ) چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ جن سنگھی پی ڈی پی مخلوط حکومت نے ریاستی دہشت گردی کی ایک نئی تاریخ رقم کی ہے اور جموں کشمیر کو عملاً میدانِ جنگ میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت لوگوں کو ’’پُشست بہ دیوار‘‘ کررہی ہے اور جبروزیادتیوں کا یہ سلسلہ جاری رہا تو حالات کو قابو سے باہر جانے سے کوئی نہیں روک سکتا ۔گیلانی نے پیلٹ کے بے تحاشا استعمال پر اپنی تشویش اور فکرمندی کا اظہار کیا اور کہا کہ اس ہتھیار کو اگرچہ ماہرین نے مہلک قرار دیا ہے البتہ جموں کشمیر میں اس کا استعمال اس کے باوجود جاری ہے کہ یہاں درجنوں بچے اس کی وجہ سے بینائی سے محروم ہوگئے ہیں اور عمر بھر کیلئے معذور بن گئے ہیں۔ طلباء اور طالبات کے خلاف بھی پیلٹ کا استعمال کیا جاتا ہے ،یہ ریاستی دہشت گردی ہے اور اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ گیلانی نے طلباء وطالبات کی ناراضگی کے روٗٹ کازکو سمجھنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اس ناراضگی کو طاقت سے دبانے کی کوششوں کے منفی نتائج نکلیں گے اور اس کے نتیجے میں حالت مزید ابتر ہوکر سنگین رُخ اختیار کریں گے۔ انہوں نے تمام گرفتار طلباء کی رہائی اور ان کے خلاف دائر کیسوں کو واپس لینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ پلوامہ ڈگری کالج اور دوسرے تعلیمی اداروں پر ہلہ بولنے میں جو بھی فورسز اہلکار ملوث ہیں، انہیں کڑی سے کڑی سزا دی جانی چاہیے اور اس سازش کا پردہ فاش ہونا چاہیے، جو کشمیری بچوں کے تعلیمی کیرئیر کو تباہ کرانے کے لیے رچی گئی ہے