سرینگر// اکیڈیمی آف آرٹ، کلچر اینڈ لینگویجز کی طرف سے کل نامور صوفی شاعر شیخ بشیر احمد سالورہ کا کشمیری شعری مجموعہ ’’ ون پیوم یاد‘‘ کی رسمِ رونمائی انجام دی گئی۔ اس سلسلے میں اکیڈیمی کے صدر دفتر لال منڈی میں واقع سمینار ہال میں ایک پُروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ جس کی صدارت نامور صحافی، قلمکار اور شاعر غلام نبی خیال نے انجام دی جبکہ پروفیسر بشر بشیر تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔اپنی صدارتی تقریر میں غلام نبی خیال نے شعری مجموعے کو کشمیری صوفی شاعری میں ایک اضافہ قرار دیا اور کہا کہ اس سے ہماری زبان کو آگے لیجانے میں کافی مدد ملے گی۔ پروفیسر بشر بشیر نے شعری مجموعے کو قابلِ داد اور کشمیری صوفی شاعری کے لئے ایک نیک فعال قرار دیا۔ تقریب میں شیخ غلام احمد سالورہ، غلام حسن صوفی اور بعض دیگر مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔اس موقعے پر ادیبوں قلمکاروں اور دانشوروں کی ایک بھاری تعداد موجود تھی جن میں جناب ظفر مظفر، شفیق الرحمان،جاوید اقبال، ڈاکٹر سید افتخار، ڈاکٹر شبنم رفیق، عبدالسلام کوثری اور جمیل انصاری شامل ہیں۔