عظمیٰ نیوز سروس
جیسلمیر// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ جی ایس ٹی کونسل کی 55ویں میٹنگ کے دوران کشمیر شال کے لیے مجوزہ جی ایس ٹی میں اضافہ نہیں کیا گیا۔اشیاء اور خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی) کونسل کی 55ویں میٹنگ راجستھان کے جیسلمیر میں ہفتہ کو ہوئی۔ میٹنگ کی صدارت وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے کی۔جموں و کشمیر کے کاریگروں کے لیے راحت کے طور پر ، عمر عبداللہ نے میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں کو بتایا، کچھ چیزوں پر اتفاق ہوا، کچھ چیزوں کو ٹال دیا گیا۔ بہت سی قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ شالوں پر جی ایس ٹی خاص طور پر پشمینہ شالوں میں اضافہ کیا جائے گا، اس لیے ہم اس بات کو یقینی بنانے کے لیے تیار تھے کہ ایسا نہ ہو۔ وزیر اعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ کشمیری شال پر کوئی بھی اضافہ پشمینہ شال کی صنعت کو بری طرح متاثر کرے گا۔عمر عبداللہ نے کہا”شکر ہے، اس پر غور نہیں کیا گیا اور ہم یہ بھی یقینی بنائیں گے کہ مستقبل میں اس طرح کی کوئی چیز نہ کی جائے کیونکہ یہ ہماری پشمینہ شال کی صنعت کے لیے جان لیوا ثابت ہو گا” ۔