اسلام آباد//پاکستان نے کل پی 5ممالک کے سفیروں کو کشمیرکی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیر میں غیر جانبدارانہ استصواب رائے کا انعقاد کرکے کشمیری عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرے۔ پاکستانی وزیر اعظم کے خارجہ امور کے سپیشل اسسٹنٹ سعید طارق فاطمی نے اقوام متحدہ کے مستقل ممبران (چین، فرانس، روس، برطانیہ اور امریکہ) کے سفیروں کو کشمیر میں بدتر ہوتی جارہی انسانی حقوق کی پامالیوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی 5ممالک کو بھارت کی طرف سے سرحد اور لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزیوں اور پاکستان میں دہشت گردی کو بھارتی معاون کے بارے میں بھی جانکاری دی۔ طارق فاطمی نے اقوام متحدہ کے مستقل ممبران پر زور دیا کہ وہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کیلئے اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے تحت غیر جانبدارانہ استصواب رائے منعقد کرائے۔ انہوں نے کہا ’’ جموں و کشمیر کے لوگوں کو بنیادی حقوق، جس میں آزادی بھی شامل ہے، کی مانگ پر تشدد کا نشانہ بنا یا جاتا ہے۔ طارق فاطمی نے کہا کہ بین الاقوامی سرحد اور لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوجیوں کی بلا اشتعال فائرنگ اور سیز فائر کی خلاف ورزیوں سے کئی بے گناہوںکی جانوں کا زیاں ہوا ہے۔ طارق فاطمی نے کہا کہ بھارت سرحد پر کشید گی بڑھانا چاہتا ہے تاکہ مسئلہ کشمیر سے دنیا کی توجہ کو ہٹایا جاسکے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی اور دیگر تخریبی کاروائیوں کو ہوا دے رہا ہے۔اس سے قبل پاکستان نے آئی او سی کے سفیروں کو کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا تھا ۔