سرینگر//اسلامی ممالک کی تنظیم (او آئی سی ) کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹریوسف بن احمدالعثمان نے کشمیریوںکی جدوجہد کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے حکومت ہند پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کے خلاف طاقت کے استعمال سے گریز کرے اور انہیں اپنا پیدائشی حق ، حق خوداردیت فراہم کرے۔ڈاکٹر یوسف اسلامی ممالک کی تنظیم (او آئی سی ) سعودی عرب میں ایک سمینار سے خطاب کررہے تھے۔ موصولہ بیان کے مطابق 9 نومبر 2017کوجدہ سعودی عرب میں او آئی سی سیکریٹریٹ میںکشمیر کی تازہ ترین صورتحال کے سلسلے میںایک سمینار کا اہتمام کیا گیا جس میںبھارتی فورسز کے مظالم ،پر تشدد کارروائیوں، بلٹ اور پیلٹ سے شدید زخمی اور نابینا کئے گئے کشمیریوں کے حوالے سے تصویری نمائش کا انعقاد بھی کیا گیا ۔اس موقعہ پر حریت کانفرنس پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے کنوینئر سید فیض نقشبندی نے کشمیر کی تازہ ترین صورتحال کی وضاحت کے ساتھ ساتھ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی پامالیوں کی تفصیلات سے شرکاء سمینار کو آگاہ کیا۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری اور او آئی سی کے ممبر ممالک پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کے حق خوداردیت کی حمایت کے ساتھ ساتھ اُن کے تحفظ اور بقا کو یقینی بنانے اور مسئلہ کشمیر کو دائمی بنیادوں پر حل کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں ۔سمینار سے سعودی عربیہ میں مقیم پاکستان کے سفیر خان ہشام بن صدیق نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے او آئی سی ممبران خاص طور پر حکومت سعودی عربیہ کی جانب سے کشمیری عوام کے کاز کی حمایت کیلئے ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کشمیر میںانسانی حقوق کی پامالیوں کو رکوانے کیلئے یہ ممالک اپنا مثبت کردار اور اثر و رسوخ استعمال کریں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان ماضی کی طرح کشمیریوں کی تاریخی جدوجہد میں ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی مدد جاری رکھے گی۔اس موقعہ پر کشمیر کمیٹی جدہ کے اراکین نے ایک قرارداد کے ذریعہ او آئی سی سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کی کوششوں میں مزیدتیزی اور سرعت لائے ۔تقریب پر سفیر عبداللہ عالم ، سعودی حکام، او آئی سی سیکریٹری جنرل کے خصوصی نمائندے سمیت کئی سرکردہ شخصیات ، ڈپلومیٹک کارپس، مقامی معززین کے علاوہ پاکستانی اور کشمیر کمیونٹی کے سرکردہ نمائندے بھی موجود تھے۔