اسلام آباد //ترک صدر رجب طیب ارد ان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کافوری اوربامعنی حل چاہتے ہیں۔ پاکستان کے دورے پر وزیر اعظم نواز شریف کیساتھ مشترکہ پریس کانفرنس اور بعد میں قومی اسمبلی کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیرکواقوام متحدہ کی قراردادوں کیمطابق حل کرناہوگا اورپاکستان وبھارت کوکشمیرسمیت تمام مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کرنے ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ ’کشمیر کا مسئلہ کشمیری بھائیوں کی خواہش کے مطابق حل ہونا چاہیے، ترکی مسئلہ کشمیر کے حوالے اپنی کوششیں اقوام متحدہ میں آگے بڑھائے گا، کشمیریوں پر ہونے والے مظالم سے آگاہ ہیں، وہاں درد ناک واقعات پیش آرہے ہیں‘۔کشمیر کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’پاکستان اوربھارت مذاکرات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کے ذریعے کشمیر کا مسئلہ حل کرسکتے ہیں، کشمیر کے معاملے پر پاکستان کے مؤقف کی تائیدکرتے ہیں‘۔اردگان نے کہا کہ کنٹرول لائن پر حالیہ کشیدگی بھی باعث تشویش ہے اور ہم اس صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول کی کشیدہ صورتحال کشمیر میں موجود ہمارے بھائیوں اور بہنوں پر اثر انداز ہورہے ہیں اور اب ایسے مقام پر پہنچ چکے ہیں جہاں انہیں نظر انداز کرنا ممکن نہیں۔