نئی دہلی// سابق وزیر خارجہ اور سینئر بی جے پی لیڈر یشونت سنہا نے کہا ہے کہ کشمیریوں کے مسائل حل کئے بغیر انہیں الگ تھلگ کرنے سے پاکستان کو حالات کا فائدہ اٹھانے کا موقعہ فراہم ہوگا۔یشونت سنہا نے نئی دلی میں”بھارتی خارجہ پالیسی، چنندہ تحریریں“نامی کتاب کی رسم رونمائی کی تقریب میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر کشمیریوں کو درپیش مسائل کا ازالہ کئے بغیر انہیں بیگانگی کا احساس دلانے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تو پاکستان کو اس صورتحال سے فائدہ اٹھانے کا موقعہ ملے گا۔ ان کا کہنا تھا”اسلام آباد کا راستہ سرینگر سے ہوکر گزرتا ہے نہ کہ کسی اور راستے سے، اسلام آباد سے کوئی راستہ سرینگر نہیں جاتا “۔انہوں نے کہا”میں گزشتہ کچھ مہینوں سے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے شامل رہا ہوں، اور میں اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ پاکستان کے ساتھ تنازعات کو حل کرنے کےلئے ہمیں پہلے اپنے لوگوں (کشمیریوں) کے مسائل کا حل تلاش کرنا چاہئے“۔یشونت سنہا نے کہا”ایک بار ہمارے اپنے لوگوں کے مسائل حل ہوجائیں ، تو کشمیریوں کے ساتھ مل کر مشترکہ کوششوں کے ذریعے پاکستان کے ساتھ معاملات طے پانا انتہائی آسان ہوجائے گا“۔بھاجپا لیڈر کا مزید کہنا تھا”ان لوگوں(کشمیریوں) کو الگ تھلگ کیا گیا ہے جس سے صرف اور صرف پاکستان کو حالات کا فائدہ اٹھانے کا موقعہ فراہم ہوگا“۔بھارت کی موجودہ خارجہ پالیسی کا تذکرہ کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ نے بتایا کہ اس پالیسی میں بہت ساری ہٹ دھرمیاں ہیں۔ انہوں نے کہا”چالیس سال پہلے جو کچھ بھی ہوا ، وہ اب ایک یقین کی شئے بن چکی ہے، حالانکہ ہم بہت تبدیل ہوئے ہیں لیکن ہمیں ہٹ دھرمی کی پالیسی ترک کرنی چاہئے ، ملک کی خارجہ پالیسی لچک پر مبنی ہونی چاہئے“۔یشونت سنہا نے کہا کہ آج کل کی بدلتی دنیا میں روزانہ بنیادوں پر لچکدار رویہ عیاں ہونا چاہئے۔