نیو یارک// اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کے تعین میں بھارتی ’بربریت‘ کا سامنا ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں خطاب کرتے ہوئے ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ پاکستان استصواب رائے کے مطابق مسئلہ کشمیر کے فوری حل کے موقف پر قائم ہے۔انہوںنے کہا کہ کشمیریوں کی نئی نسل آزادی کا مطالبہ کر رہی ہے اور بھارتی بربریت کشمیریوں کے مستقبل کے تعین میں رکاوٹ ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں، عالمی قوانین کے مطابق حل کیا جائے۔کشمیر کے مسئلے کو فوری طور پر حل کرنے کی ضرورت دیتے ہو ئے ان کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں امن مسئلہ کشمیر کے حل تک قاَئم نہیں ہو سکتا اور یہ کہ کشمیری عوام ہرصورت بھارتی تسلط سے آزادی چاہتے ہیں اور مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن ممکن نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کو مستقبل کے تعین میں بھارتی بربریت کا سامناہے، کشمیری 70 سال سے سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کے منتظر ہیں، مسئلہ کشمیر حق خودارادیت کے عالمی قوانین کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ اس دوران امریکی دفتر خارجہ کے ترجمان جان کربی نے بریفنگ دیتے ہو ئے کہا پاکستان اور بھارت کو آپس میں مذاکرات کے ذریعے معاملات حل کرنا ہوں گے کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان اچھے تعلقات خطے میں بہتری لائیں گے اور بہتر تعلقات مسائل حل کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔پاکستان دہشت گردی کے خلاف بے پناہ قربانیاں دے چکا ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان میں اب بھی دہشت گردوں کے لیے محفوظ پناہ گاہیں موجود ہیں اور ان دہشت گردوں کے خلاف پاکستان کو مزید کارروائی کرنا ہو گی۔